کرکٹ

40 اوور تک میچ قابو میں تھا، مگر جلد وکٹیں گرنے سے سنبھل نہ سکے ، محمد رضوان

کپتان محمد رضوان: 40 اوور تک میچ قابو میں تھا، مگر جلد وکٹیں گرنے سے سنبھل نہ سکے

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں شکست کی بنیادی وجہ ابتدائی مرحلے میں وکٹوں کا جلد گرنا قرار دیا ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی 40 اوورز تک میچ کا کنٹرول ہمارے پاس تھا، لیکن اختتامی لمحات میں ویسٹ انڈین بیٹرز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔

محمد رضوان نے خاص طور پر شائی ہوپ کی عمدہ اننگز کو سراہا اور کہا کہ ہدف کے تعاقب میں تین وکٹیں تیزی سے گرنے کے بعد ٹیم سنبھل نہیں سکی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان نے جیڈن سیلز کی شاندار بولنگ کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پوری سیریز میں بہترین لائن اینڈ لینتھ کے ساتھ گیند بازی کی۔ کپتان نے اعتراف کیا کہ ہم ایک ہی پچ پر تیسرا میچ کھیل رہے تھے،

جس کا فائدہ مخالف ٹیم نے بہتر انداز میں اٹھایا، خاص طور پر آخری 10 اوورز میں ان کے بیٹرز نے جارحانہ کھیل پیش کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری ٹیم میں فی الوقت مکمل پانچواں بولر موجود نہیں، جس کی کمی واضح محسوس ہوئی۔ صائم ایوب اور سلمان علی آغا نے آٹھ، آٹھ اوورز ڈالے، لیکن مطلوبہ اثر انداز نہ ہو سکے۔

واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز نے سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میچ میں پاکستان کو 202 رنز کے بھاری مارجن سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔

پاکستان کی بیٹنگ لائن اپ مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی اور پانچ بلے باز بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے، ویسٹ انڈیز کے مقررہ 295 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم محض 92 رنز پر ڈھیر ہو کر میچ اور سیریز دونوں حریف کے نام کر گئی۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!