کرکٹ

سڈنی سکسزرز نے بابراعظم فین زون متعارف کروا دیا

سڈنی سکسزرز نے بابراعظم فین زون متعارف کروادیا

سڈنی سکسزرز نے پاکستانی کرکٹ اسٹار بابراعظم (babar azam)کے مداحوں کے لیے ایک منفرد اور شاندار فین زون ’’بابرستان‘‘ متعارف کروا دیا ہے، جو کرکٹ کلچر کو ایک نئے انداز میں پیش کرے گا۔

بابر اعظم، جنہیں دنیا کے بہترین بلے بازوں میں شمار کیا جاتا ہے، اس سیزن میں سڈنی سکسزرز کی نمائندگی کریں گے۔ کلب انتظامیہ نے ان کی آمد کو ایک تاریخی موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’بابرستان‘‘ نہ صرف بابراعظم کے مداحوں بلکہ ہر کرکٹ شائق کے لیے ایک یادگار تجربہ ہوگا۔

اس خصوصی فین زون میں شائقین کو موقع ملے گا کہ وہ کرکٹ کے رنگ، جوش اور بابراعظم کے جادو کو قریب سے محسوس کریں۔ وہاں خصوصی نشستیں، تھیمڈ سجاوٹ، فین مرچنڈائز اور کرکٹ سے بھرپور ماحول فراہم کیا جائے گا، تاکہ مداح اپنے پسندیدہ اسٹار کی موجودگی کا بھرپور لطف اٹھا سکیں۔

سڈنی سکسزرز کے مطابق’’بابرستان‘‘ کا افتتاح 17 دسمبر کو ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کے خلاف میچ کے موقع پر ہوگا۔ کلب نے اعلان کیا ہے کہ نشستیں محدود ہیں، اس لیے شائقین جلد از جلد اپنی ٹکٹیں حاصل کریں تاکہ اس تاریخی لمحے کا حصہ بن سکیں۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ’’بابرستان‘‘ کا مقصد صرف ایک فین زون بنانا نہیں بلکہ کرکٹ کے عالمی تعلقات کو مضبوط بنانا بھی ہے، کیونکہ بابراعظم نے دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں سے لاکھوں دل جیتے ہیں۔

پاکستانی کرکٹ مداحوں کے لیے یہ خبر کسی خوشی سے کم نہیں، کیونکہ اب انہیں آسٹریلیا میں بھی’’بابرستان‘‘ کے نام سے ایک ایسا مقام مل گیا ہے جہاں وہ اپنے ہیرو کی کامیابیوں کا جشن منا سکیں گے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!