فیفا ورلڈکپ 2022 کا فائنل آج اتوار کو ارجنٹائن اور فرانس کے درمیان کھیلا جانا ہے پر اس سے قبل ہی کئی فرانسیسی کھلاڑی بیمار ہوگئے۔برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق ارجنٹائن کے خلاف فائنل سے قبل فرانسیسی فٹبال ٹیم کے کھلاڑی فلو کی وجہ سے بیمار ہوگئے۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ فرانسیسی فٹبالر ڈیوٹ پامیکانو اور مڈفیلڈر ایڈرین ریبیوٹ نزلے کی وجہ سے مراکش کے خلاف سیمی فائنل نہیں کھیل سکے تھے جبکہ اب رافیل وران اور ابراہیما کوناٹے بھی بیمار ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے انہوں نے ٹریننگ سیشن میں حصہ نہ لیا۔
فرانسیسی فٹبال فیڈریشن نے کھلاڑیوں کے بیمار ہونے کی تصدیق کردی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ بیمار کھلاڑیوں نے خود کو ہوٹل کے کمروں میں آئسولیٹ کرلیا ہے جبکہ ڈاکٹروں کی جانب سے ان کا علاج جاری ہے۔ٹیم ڈاکٹر کے مطابق قطر میں کھلاڑی ہر وقت ائر کنڈیشنڈ ماحول میں رہتے ہیں ،جس کی وجہ سے ان کو فلو ہوا ہے، کوشش ہے کہ ٹیم میں فلو کے وائرس کو پھیلنے سے روکا جائے۔ دوسری جانب ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی کی فرانس کے خلاف فیفا ورلڈکپ کے فائنل میں شرکت پر سوالیہ نشان لگ گیا۔غیرملکی میڈیا رپورٹس کیمطابق جمعرات کو لیونل میسی نے ہیمسٹرنگ انجری کے باعث ٹیم کے ٹریننگ سیشن میں حصہ نہیں لیا۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ کروشیا کے خلاف سیمی فائنل کے بعد میسی 100 فیصد فٹ نہیں ہیں اور اسی وجہ سے انہوں نے ٹریننگ سیشن میں بھی شرکت نہیں کی۔امید کی جارہی ہے کہ میسی اتوار کو فٹ ہوکر فرانس کے خلاف فائنل کھیلیں گے اور ٹرافی جیت کر اپنے آخری ورلڈکپ کو یادگار بنائیں گے۔