آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ کے دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست دیکر فائنل کےلیے کوالیفائی کرلیا۔
اذان اویس اورعرفات منہاس کی نصف سنچریاں۔علی رضا کی چار وکٹیں
بینونی ( جنوبی افریقہ ) 8 فروری ۔ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا انڈر19 نے دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان انڈر19 کو ایک وکٹ سے شکست دیدی تاہم پاکستان کے نوجوان بولرز نے ایک بار پھر فائٹنگ اسپرٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے عمدہ بولنگ کی اور آخر وقت تک زبردست مقابلہ کیا۔
اب اتوار کو فائنل میں آسٹریلیا انڈر19 کا مقابلہ بھارت انڈر19 سے ہوگا ۔
جمعرات کو کھیلے گئے سیمی فائنل میں آسٹریلیا انڈر19 نے ٹاس جیت کر پاکستان انڈر19 کو بیٹنگ دی۔ پاکستان انڈر19 ٹیم 48.5 اوورز میں 179 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
آسٹریلیا انڈر 19 نے 49.1 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔
پاکستان انڈر 19 کی اننگز میں اذان اویس اور عرفات منہاس ہی قابل ذکر کارکردگی دکھاسکے۔ اذان اویس نے تین چوکوں کی مدد سے52 رنز اسکور کیے۔ عرفات منہاس نے بھی 52 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 9 چوکے شامل تھے۔
دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر ٹام اسٹریکر نے 24 رنز دے کر6 وکٹیں حاصل کیں۔
آسٹریلیا انڈر 19 کی اننگز میں ہیری ڈکسن نے 50 اور اولیور پیک نے 49 رنز بنائے۔
پاکستان انڈر 19 کی طرف سے علی رضا نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 34 رنز دے کر 4وکٹیں حاصل کیں۔ عرفات منہاس نے 20 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس ٹورنامنٹ میں پاکستان انڈر19 ٹیم کی مجموعی کارکردگی بہت اچھی رہی ۔ اس نے گروپ میچوں میں افغانستان۔ نیوزی لینڈ اور نیپال کو شکست دی۔ سپر6 میں آئرلینڈ کو اور بنگلہ دیش ہرایا۔
فاسٹ بولر عبید شاہ نے ٹورنامنٹ میں 18 وکٹیں حاصل کیں جو جنوبی افریقہ کے مفاکا کی 21 وکٹوں کے بعد دوسری بہترین پرفارمنس ہے۔