پشاور(سپورٹس لنک رپورٹ)ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام انڈر23خیبر پختونخوا گیمز2018 کے سلسلے میں گزشتہ روز سوات میں مردوں کے انٹر ڈسٹرکٹ مقابلوں کا آغاز ہوگیا ‘ایم پی اے ڈیڈک چیئرمین فضل حکیم نے مقابلوں کا افتتاح کیا جس میں سوات‘دیر اپر ‘دیر لوئر ‘چترال اور شانگلہ سے چھ سو سے زائد کھلاڑی پندرہ گیمز میں شرکت کررہے ہیں ان کے ہمراہ ڈائریکٹر آپریشنز سید ثقلین شاہ‘ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ سلیم رضا ‘اے ڈی سپورٹس نعمت اللہ ‘ منیجر فنانس امجد خان ، اکاؤنٹس آفیسر شکیل احمد،ڈی ایس او امیر زاہدشاہ ،اے ڈی منیر عباس‘ذاکراللہ‘ڈی ایس او بہادر سید ‘مختیار ‘رحمت اللہ ‘انٹرنیشنل کوچ شاہ فیصل اور سمیت دیگر شخصیات موجود تھیں‘
ایم پی اے عبدالحکیم نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت کھلاڑیوں کو جدید سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے اقدامات کر رہی ہے‘ تحصیل کی سطح کے گراؤنڈز مکمل ہوچکے ہیں جس سے نوجوانوں کو آگے آنے میں بھرپور مدد ملے گی انہوں نے کہا کہ انڈر23 گیمز میں بارہ ہزار کھلاڑیوں کو مواقع اور سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں تا کہ یہی کھلاڑی مستقبل میں نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کریں۔انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس کے پی کی جانب سے نوجوان کھلاڑیوں کو بھرپور مواقع فراہم کئے جارہے ہیں جس سے یہی کھلاڑی سامنے آئیں گے اور مستقبل میں پوری دنیا میں ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔