پاکستان خطرناک ٹیم ہے، سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے، ہیڈ کوچ بنگلادیش

پاکستان خطرناک ٹیم ہے، سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے، ہیڈ کوچ بنگلادیش
ڈھاکہ ، ویب ڈیسک: بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ فل سمنز کاکہنا ہے کہ اگرچہ پاکستان ٹیم حالیہ عرصے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکی، مگر وہ اب بھی ایک خطرناک حریف ہے، اور ان کے خلاف جیتنے کے لیے ہماری ٹیم پوری طرح تیار ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فل سمنز نے کہا کہ پاکستان ایک باصلاحیت ٹیم ہے اور ہم جانتے ہیں کہ وہ کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے، “ہماری کوشش ہوگی کہ پاکستان کے خلاف بہتر کارکردگی دکھائیں اور سیریز جیتیں۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ مستفیض ہماری ٹیم کے تجربہ کار باؤلر ہیں، ان کی کمی یقیناً محسوس ہوگی، لیکن ہماری ٹیم میں دیگر نوجوان کھلاڑی موجود ہیں جو اس خلا کو پُر کرنے کی کوشش کریں گے۔”
بنگلا دیشی کوچ کا کہنا تھا کہ ٹیم کا مورال اس وقت کافی اچھا ہے اور کھلاڑیوں میں مثبت جذبہ پایا جا رہا ہے۔
انہوں نے سابق آسٹریلوی فاسٹ باؤلر شان ٹیٹ کی کوچنگ اسٹاف میں شمولیت کو ٹیم کے لیے بہترین اضافہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ شان ٹیٹ کی موجودگی سے فاسٹ باؤلرز کو بہت فائدہ ہوگا۔
فل سمنز نے یہ بھی کہا کہ ان کی پاکستان سے خاص یادیں وابستہ ہیں اور وہاں کھیلنے کا تجربہ ہمیشہ یادگار رہا ہے، “پاکستان کرکٹ کا ایک بڑا مرکز ہے، اور ان کے خلاف کھیلنا ہمیشہ ایک چیلنج اور اعزاز رہا ہے۔
واضح رہے کہ بنگلا دیش اور پاکستان کے درمیان متوقع کرکٹ سیریز پر دونوں ٹیمیں تیاریوں میں مصروف ہیں اور کرکٹ شائقین اس دلچسپ مقابلے کے منتظر ہیں۔



