
رضوان کی مشکلات مزید بڑھ گئیں، حارث کے بعد قسمت کس پر مہربان؟
ویب ڈیسک ; بنگلادیش کے خلاف ہوم ٹی ٹوئنٹی سیریز میں محمد حارث کی شاندار کارکردگی کے بعد محمد رضوان کی جگہ خطرے میں نظر آ رہی ہے، جبکہ قسمت کا پلڑا اب روحیل نذیر کے حق میں جھکتا دکھائی دے رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق سلیکٹرز باصلاحیت وکٹ کیپر بیٹر روحیل نذیر کو موقع دینے پر متفق ہیں، اور قوی امکان ہے کہ وہ بنگلادیش اور ویسٹ انڈیز کے خلاف آئندہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔
اطلاعات کے مطابق آئندہ چھ ماہ کے دوران بابر اعظم اور محمد رضوان کی قومی ٹیم میں شمولیت کے امکانات کم ہیں۔
یہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دونوں کھلاڑیوں کی واپسی پر نومبر میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے موقع پر غور کیا جائے گا، تاہم ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ان کی واپسی فی الحال ناممکن دکھائی دے رہی ہے۔
دوسری جانب ٹیم سلیکشن سے متعلق اہم فیصلے جاری ہیں، مگر سلیکشن کمیٹی کے اجلاس میں شریک سرفراز احمد اور سکندر بخت کے حوالے سے تاحال پی سی بی کی جانب سے کوئی باضابطہ نوٹیفکیشن یا ان کی ذمہ داریوں کی وضاحت سامنے نہیں آئی ہے۔



