
فنڈز کی عدم دستیابی "پرو ہاکی لیگ” میں پاکستان کی شمولیت لٹک گئی
پرو ہاکی لیگ میں پاکستان کی شرکت کا معاملہ لٹک گیا ،پاکستان ہاکی فیڈریشن نے لیگ کیلئے 70کروڑ روپے کی خطیررقم مانگ لی، پاکستان سپورٹس بورڈ نے ہاکی فیڈریشن سے ورکنگ پیپر مانگ لیا۔۔۔
ڈی جی پی ایس بی نے معاملہ حکومت اور وزیراعظم کے سامنے اٹھانے کی یقین دہانی کرادی جبکہ سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف نے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے معاونت کرنے کی اپیل کردی۔
پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل یاسر پیرزادہ اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اولمپین رانا مجاہد کے درمیان تفصیلی بات چیت ہوئی، یاسر پیرزادہ نے کہاکہ پرولیگ کی فنڈنگ بہت زیادہ ہے ،
رانا مجاہد نے کہا کہ پرو لیگ میں اگر ہاں کرکے شرکت نہیں کرینگے تو انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن پابندی لگا دیگی، پاکستان نے معاملے پر ایف آئی ایچ کے صدر سے رابطہ کیا ہے ،
انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن سے تمام صورتحال پر وقت مانگا ہے ۔ ذرائع کے مطابق پرو ہاکی لیگ میں پاکستان کے کھیلنے کی ابھی انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی جانب سے تصدیق ہونا باقی ہے ،
پی ایچ ایف کو آج تک عالمی تنظیم کو اپنی دستیابی سے متعلق آگاہ کرنا ہوگا۔ پرو لیگ کیلئے خصوصی فنڈز کے ساتھ بہتر منصوبہ بندی، کمیونیکشن اورپی ایچ ایف آفس سے لیگ کا تمام تر مجوزہ شیڈول بھی بنانا ہوگا
کہ پاکستانی ٹیم دوسری ٹیموں کی رضامندی کے ساتھ کب اور کہاں کہاں میچز کھیل سکتی ہے ۔پاکستان ٹیم اپنے ہوم میچز لاہور میں کھیلے گی تاہم اوے میچز کیلئے آسٹریلیا، ارجنٹائِن، یورپ، برطانیہ کا سفر کرنا ہوگا۔



