پاکستان وہیل چیئر کرکٹ ٹیم کا ٹی ٹوئنٹی سیریز میں فاتحانہ آغاز
افغانستان ٹیم کو پہلے میچ میں 5 وکٹوں سے شکست، عمران آرائیں پانچ شکار کے ساتھ مین آف دی میچ قرار

پاکستان وہیل چیئر کرکٹ ٹیم کا ٹی ٹوئنٹی سیریز میں فاتحانہ آغاز
افغانستان ٹیم کو پہلے میچ میں 5 وکٹوں سے شکست،
عمران آرائیں پانچ شکار کے ساتھ مین آف دی میچ قرار
کراچی: پاکستان وہیل چیئر کرکٹ ٹیم نے افغانستان کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 5 وکٹوں سے شکست دے کر چار میچوں کی سیریز کا شاندار آغاز کیا۔
گرین شرٹس نے 146 رنز کا ہدف صرف 15.5 اوورز میں حاصل کر لیا۔ بلے باز اسامہ طارق نے 66 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ عمران آرائیں نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں حاصل کیں اور مین آف دی میچ قرار پائے۔
یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس، کراچی میں کھیلے گئے پہلے میچ میں افغان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 19.4 اوورز میں 145 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
آصف 28، رحیم 26 اور زر عالم 13 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے عمران آرائیں نے پانچ، محمد فیاض نے تین اور ایوب نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان نے ہدف کا تعاقب عمدگی سے کیا۔ اسامہ طارق نے صرف 40 گیندوں پر 66 رنز اسکور کیے، محمد فیاض نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابل شکست 37 رنز بنائے۔ دیگر کھلاڑیوں میں احمد 16، مثال 5، کپتان محمد ذیشان 5 اور مبین 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ عمران آرائیں ایک رن کے ساتھ فیاض کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
میچ کے بعد دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے سیریز کو خوش آئند قرار دیا۔
پاکستان کے کپتان محمد ذیشان نے کہا کہ "20 سال کے طویل انتظار کے بعد آج اپنے ملک میں انٹرنیشنل میچ کھیل رہے ہیں۔ رواں سال پاکستان وہیل چیئر ایشیا کپ کی بھی میزبانی کرے گا جس میں چھ ٹیمیں شریک ہوں گی۔”
افغانستان کے کپتان منصور عادل نے کہا: "پاکستان کی میزبانی شاندار ہے۔ یہ سیریز ہمیں ایشیا کپ کی تیاری میں مدد فراہم کرے گی۔”



