
پانچواں ویمنز انڈر 19 ٹی ٹوئنٹی: پاکستان نے بنگلہ دیش کو 6 وکٹوں سے ہرادیا۔
پانچ میچوں کی سیریز تین دو سے جیت لی
کاکسز بازار ( بنگلہ دیش ) 12 دسمبر ; پاکستان ویمنز انڈر 19 نے بنگلہ دیش ویمنز انڈر 19 کو پانچویں اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں 6 وکٹوں سے ہرادیا اس طرح اس نے پانچ میچوں کی سیریز تین دو سے اپنے نام کرلی۔
یاد رہے کہ پاکستان نے پہلا میچ 13 رنز سے جیتا تھا جبکہ اگلے دو میچوں میں بنگلہ دیش نے 3 وکٹوں اور 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔پاکستان نے چوتھا میچ 6 وکٹوں سے جیتا تھا۔
جمعہ کو کاکسز بازار اکیڈمی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان انڈر 19 نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو بیٹنگ دی جو 19 اعشاریہ ایک اوورز میں 84 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔اس کی جانب سے سعدیہ اختر تین چوکوں کی مدد سے 27 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہیں۔
پاکستان انڈر 19 کی طرف سے بریرہ سیف نے 16 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔ روزینہ اکرم نے 16 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان انڈر 19 نے مطلوبہ سکور 17 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ کومل خان 25 اقصیٰ حبیب 21 اور فضہ فیاض 18 رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ نمایاں رہیں۔ بریرہ سیف پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔
چیئرمین پی سی بی کی ٹیم کو مبارکباد ;
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے پر پاکستان ویمن انڈر 19 ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ویمن انڈر 19 ٹیم کی کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی سے بنگلادیش کو شکست دی۔
محسن نقوی نے کہا ہے کہ انڈر 19 ویمن کرکٹ ٹیم کی بنگلادیش کے خلاف سیریز میں فتح ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، امید ہے کہ انڈر 19 ویمن ٹیم آنے والے وقت میں مزید کامیابیاں سمیٹے گی۔



