نیشنل گیمز ،خیبرپختونخوا ہیروز کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد
گولڈ میڈلسٹ کو 6 لاکھ،سلور کو 4 جبکہ براونز میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں کو 3 لاکھ روپے انعام کا اعلان۔

نیشنل گیمز ،خیبرپختونخوا ہیروز کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد
گولڈ میڈلسٹ کو 6 لاکھ،سلور کو 4 جبکہ براونز میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں کو 3 لاکھ روپے انعام کا اعلان۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایات کے مطابق صوبے کے تمام اضلاع میں کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا،تاج محمد ترند
پشاور (سپورٹس لنک رپورٹ) 35ویں نیشنل گیمز کراچی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے خیبر پختونخوا کے کھلاڑیوں کے اعزاز میں پشاور اسپورٹس کمپلیکس میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان تاج محمد ترند تھے۔مہمانِ خصوصی نے گولڈ میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں کے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے 6 لاکھ روپے، سلور میڈلسٹ کے لیے 4 لاکھ روپے جبکہ براونز میڈل حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کے لیے 2 لاکھ روپے نقد انعامات کا اعلان کیا۔
اس موقع پر سیکرٹری اسپورٹس محمد آصف،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس تاشفین حیدر ، صوبائی اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر ہمایون ظفر،سیکرٹری صوبائی اولمپک ایسوسی ایشن ذوالفقار بٹ،شاہ فیصل،جمشید بلوچ سمیت کھیلوں سے وابستہ دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی تاج محمد ترند نے کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان ہیروز نے محدود وسائل کے باوجود بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر کے صوبے کا نام روشن کیا ہے،
جس پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے کھلاڑیوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور وہ دیگر صوبوں کے کھلاڑیوں کو شکست دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایات کے مطابق صوبے کے تمام اضلاع میں کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ جنوری میں چترال میں آئس ہاکی کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے
جبکہ اسی ماہ انڈر 21 گیمز کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ 2026 میں بین المدارس اور اقلیتی برادری کے لیے خصوصی گیمز کے ساتھ ساتھ نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے جونیئر گیمز بھی منعقد کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی ثقافت اور علاقائی شناخت کو اجاگر کرنے کے لیے روایتی اور علاقائی کھیلوں کے مقابلے بھی کرائے جائیں گے۔
تاج محمد ترند نے مزید کہا کہ قائد اعظم گیمز کے میڈلسٹ کھلاڑیوں کو بھی وظائف دیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پشاور سپورٹس کمپلیکس میں سوئمنگ پول کو سردی اور گرمی دونوں موسموں کے لیے موزوں بنایا جا رہا ہے جبکہ ایتھلیٹکس ٹریک پر کام تیزی سے جاری ہے جو جلد مکمل کر لیا جائے گا۔
اس موقع پر سیکرٹری سپورٹس محمد آصف اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس تاشفین حیدر نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے کھلاڑیوں نے 35ویں نیشنل گیمز میں گزشتہ مقابلوں کی نسبت بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور آئندہ کے لیے بھی جامع لائحہ عمل مرتب کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کھلاڑیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ محنت جاری رکھیں، سپورٹ اور سہولیات فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے، اور تمام اضلاع میں کھیلوں کے میدان آباد کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں منعقدہ 35ویں نیشنل گیمز میں خیبر پختونخوا نے مجموعی طور پر 5 گولڈ، 18 سلور اور 46 براونز میڈلز کے ساتھ 69 میڈلز حاصل کیے۔
خیبر پختونخوا نے کراٹے، باڈی بلڈنگ، ٹیبل ٹینس، سیلنگ اور جوڈو میں گولڈ میڈلز حاصل کیے، جبکہ تائیکوانڈو، سکواش، فینسنگ، ووشو اور باکسنگ میں سلور میڈلز جیتے۔ اسی طرح ہینڈ بال، بیس بال، ویٹ لفٹنگ، کبڈی، ریسلنگ، ایتھلیٹکس اور ٹینس میں براو¿نز میڈلز اپنے نام کیے۔



