کرکٹ

ملتان سلطانز پی سی بی خود آپریٹ کرے گا، محسن نقوی

پی ایس ایل 23 مارچ سے کرانے کی تجویز ہے،

ملتان سلطانز پی سی بی خود آپریٹ کرے گا، محسن نقوی

لاہور : چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کو 26 مارچ کے بجائے 23 مارچ سے شروع کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جس پر تمام فرنچائزز کی رضامندی کی صورت میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے بتایا کہ پی ایس ایل کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور 2 نئی ٹیموں کی بڈنگ کے لیے 10 پارٹیوں نے کوالیفائی کر لیا ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ ملتان سلطانز کو اس سال پاکستان کرکٹ بورڈ خود آپریٹ کرے گا اور پی ایس ایل کے اختتام پر فرنچائز کی نیلامی کی جائے گی۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ علی ترین نے ملتان سلطانز کے لیے بھرپور کام کیا ہے، اگر وہ نئی ٹیم لینا چاہتے ہیں تو ان کا خیر مقدم کیا جائے گا۔ پیپر رولز پر عملدرآمد کے لیے ملتان سلطانز کو پی سی بی خود چلائے گا جبکہ ٹیم کے ہیڈ کا اعلان آئندہ 10 دن میں کر دیا جائے گا۔

محسن نقوی نے بتایا کہ وسیم اکرم کو پی ایس ایل کا برانڈ ایمبسڈر مقرر کر دیا گیا ہے اور ٹیموں کی نیلامی کے روز وہ آکشنر کے فرائض انجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کی دونوں نئی ٹیمیں اچھے مالی نمبرز کے ساتھ فروخت ہوں گی، جبکہ ایونٹ کے دوران راحت فتح علی خان کا کنسرٹ بھی منعقد ہوگا۔

انہوں نے قومی کرکٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عاقب جاوید کی شمولیت کے بعد پاکستان شاہینز اور انڈر 19 ٹیم پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ انڈر 19 کا کیمپ ملتان میں لگا کر کھلاڑیوں کو تربیت دی گئی ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان شاہینز اور قومی ٹیم مضبوط ہوں گی۔

محسن نقوی نے بتایا کہ آسٹریلیا کے خلاف فی الحال 3 میچز کی سیریز ہی ہوگی جبکہ ریڈ بال کوچ کے بارے میں فیصلہ ہونا باقی ہے۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ جاوید مغل 11 جنوری سے بطور فزیوتھراپسٹ پی سی بی کو جوائن کریں گے۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ یوتھ کرکٹ پر خصوصی فوکس ہے، حال ہی میں 450 اسکولز کا ٹورنامنٹ کرایا گیا، اور پی سی بی اسکول اور انڈر 19 کے بعد بھی کھلاڑیوں کا خیال رکھے گا تاکہ وہ ضائع نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف اسپورٹس کو فروغ دینے کے لیے وفاقی وزیر اطلاعات سے بات کریں گے۔

بھارت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ بھارتی کھلاڑیوں کے رویے کے خلاف خط کا مسودہ تیار کر لیا گیا ہے۔ وزیر اعظم پاکستان بھی واضح کر چکے ہیں کہ سیاست کو کھیلوں میں نہیں لایا جانا چاہیے۔ ہمارا مؤقف شروع دن سے یہی ہے کہ کرکٹ اور سیاست الگ ہیں، اور بھارت کے ساتھ معاملات برابری کی سطح پر ہوں گے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!