
آئی سی سی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نسیم شاہ پر جرمانہ عائد
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر پاکستانی فاسٹ بولر نسیم شاہ پر جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔
انٹرنیشنل لیگ ٹی ٹوئنٹی (ILT20) میں لیول ون ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر نسیم شاہ پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔
ڈیزرٹ وائپرز کی نمائندگی کرنے والے نسیم شاہ کو یہ سزا اتوار کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیزن فور کے فائنل میں ایم آئی ایمریٹس کے خلاف میچ کے دوران دی گئی۔
22 سالہ فاسٹ بولر کو آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.5 کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا، جو آؤٹ ہونے کے بعد بیٹر کو اشتعال دلانے یا توہین آمیز رویّے، زبان یا اشاروں سے متعلق ہے۔
واقعہ کی تفصیل ; یہ واقعہ فائنل کے 11ویں اوور میں پیش آیا، جب ایم آئی ایمریٹس کے کپتان کیرون پولارڈ نے نسیم شاہ کی گیند کا دفاع کیا اور گیند سیدھی بولر کی جانب آ گئی۔
نسیم شاہ نے گیند اٹھا کر مسکراتے ہوئے پولارڈ کی طرف دیکھا، جس پر پولارڈ نے جارحانہ ردِعمل دیا اور دونوں کے درمیان تلخ کلامی شروع ہو گئی۔



