کرکٹ

اسٹار بیٹر بابر اعظم کا بگ بیش لیگ میں سفر ختم ہو گیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹر بابر اعظم کا بگ بیش لیگ میں سفر ختم ہو گیا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار بلے باز اور سابق کپتان بابر اعظم کا آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں سفر اختتام پذیر ہو گیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں سڈنی سکسرز نے بابر اعظم کی بقیہ میچز کے لیے عدم دستیابی کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔

سڈنی سکسرز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بابر اعظم کو آنے والی بین الاقوامی اسائنمنٹس کی تیاری کے لیے قومی ذمہ داریوں کے باعث فوری طور پر پاکستان ٹیم کے کیمپ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے،

جس کے باعث بابر اعظم بگ بیش لیگ کی فائنلز سیریز کے باقی میچز کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔

فرنچائز نے اپنے پیغام میں بابر اعظم کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ محدود مدت کے باوجود بابر اعظم کی شمولیت ٹیم کے لیے تقویت کا باعث بنی جبکہ

ان کی پیشہ ورانہ وابستگی اور مثبت رویے نے سڈنی سکسرز کے مجموعی ماحول پر خوشگوار اثرات مرتب کیے۔ بابر اعظم نے بھی ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے سڈنی سکسرز سے وابستہ کوچنگ اسٹاف، کھلاڑیوں اور مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ سڈنی سکسرز کے ساتھ گزارا گیا وقت یادگار رہا اور انہوں نے یہاں کرکٹ کھیلنے کے دوران بھرپور لطف اٹھایا، تاہم قومی فرائض کے باعث انہیں ٹیم چھوڑنا پڑ رہا ہے۔

بابر اعظم نے مزید کہا کہ وہ اچھی یادوں کے ساتھ واپس جا رہے ہیں اور سکسرز کے شائقین کی جانب سے ملنے والی حمایت کو ہمیشہ یاد رکھیں گے، مداحوں کی حوصلہ افزائی نے مختصر عرصے میں بھی انہیں اپنائیت کا احساس دلایا۔

یاد رہے کہ بابر اعظم نے بگ بیش لیگ میں 11 میچز کے دوران مجموعی طور پر 103 کے اسٹرائیک ریٹ سے 202 رنز اسکور کیے، ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 19 چوکے شامل رہے۔

واضح رہے کہ سڈنی سکسرز کا چیلنجر فائنل ہوبارٹ ہیوریکینز کے خلاف شیڈول ہے، جبکہ اس میچ کی فاتح ٹیم اتوار کو بگ بیش لیگ کے فائنل میں پرتھ اسکارچرز کا سامنا کرے گی، بابر اعظم کی عدم موجودگی میں سڈنی سکسرز کو فیصلہ کن مرحلے میں نئی حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!