
بھارت کے خلاف میچ سے متعلق حکومتی فیصلہ قابل احترام ہے: سلمان علی آغا
کولمبو: قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل کولمبو میں کپتانوں کی مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران اہم بیانات دیے اور اپنی ٹیم کی تیاریوں اور حکومتی فیصلوں کے حوالے سے وضاحت پیش کی۔
کپتانوں کی پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ بطور کپتان یہ میرا پہلا عالمی ٹی ٹوئنٹی کپ ہے اور میں اپنی ٹیم کے بہترین مظاہرہ کرنے کے لیے پرجوش ہوں۔
سلمان علی آغا نے واضح کیا کہ بھارت کے خلاف ممکنہ میچ سے متعلق حتمی فیصلہ حکومت کرے گی اور ٹیم حکومت کے فیصلے کا احترام کرے گی۔
کپتان نے کہا کہ بھارت کے ساتھ میچ ہونے یا نہ ہونے کا اندازہ فی الحال ممکن نہیں اور ہر صورت میں ٹیم حکومتی ہدایات کے مطابق حرکت کرے گی، ساتھ ہی انہوں نے ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کی غیر موجودگی پر افسوس کا اظہار کیا۔
سلمان علی آغا نے ٹیم کی موجودہ فارم پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ایشیا کپ کے بعد سے ٹیم مسلسل بہتر کھیل پیش کر رہی ہے اور گزشتہ چھ ماہ کے دوران کھلاڑیوں کی کارکردگی مثبت رہی ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس مرتبہ قومی ٹیم ورلڈ کپ میں بہترین کھیل پیش کرے گی اور باقی ٹیموں کے خلاف مقابلہ سخت لیکن دلچسپ ہوگا۔
کپتان نے سری لنکا کے بارے میں اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک میرے لیے دوسرے گھر کی طرح ہے اور یہاں کے لوگ انتہائی خوش اخلاق اور مہمان نواز ہیں اور جب بھی میں سری لنکا آکر کرکٹ کھیلتا ہوں، خوشگوار ماحول محسوس ہوتا ہے۔
سلمان علی آغا نے مزید کہا کہ وہ ان معاملات پر زیادہ توجہ نہیں دیتے جنہیں ٹیم کنٹرول نہیں کر سکتی، بلکہ مکمل توجہ اچھی کرکٹ کھیلنے پر مرکوز ہے۔
انہوں نے نیدرلینڈز کے خلاف میچ کی تیاریوں کے بارے میں بھی آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم ہر مقابلے کے لیے بھرپور تیاری کر رہی ہے، کیونکہ ورلڈ کپ میں کوئی بھی ٹیم چھوٹی یا آسان نہیں ہوتی۔
واضح رہے کہ پاکستان اپنی ورلڈ کپ مہم کا آغاز 7 فروری کو نیدرلینڈز کے خلاف میچ سے کرے گا اور اس میچ کے لیے ٹیم نے بھرپور تربیتی کیمپ اور حکمت عملی تیار کر رکھی ہے تاکہ بہترین آغاز ممکن ہو۔



