کرکٹ

پاک بھارت میچ کی منظوری، آئی سی سی کے 174 ملین ڈالرز بچ گئے

پاک بھارت میچ کی منظوری، آئی سی سی کو ممکنہ اربوں کے نقصان سے نجات

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ کے انعقاد کے فیصلے سے آئی سی سی کو بڑا مالی ریلیف ملا ہے اور 174 ملین امریکی ڈالرز کے ممکنہ نقصان سے بچاؤ ہو گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ نقصان براڈ کاسٹرز کی گیٹ منی اور اسپانسر شپ کی مد میں سامنے آ سکتا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاک بھارت میچ کی بحالی کے فوری بعد ممبئی اور کولمبو کے ہوائی ٹکٹوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ ابتدائی طور پر ٹکٹوں کی قیمتوں میں 10 ہزار سے 60 ہزار روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پاک بھارت میچ کے باعث کولمبو کی ہوٹل انڈسٹری نے بھی اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا ہے، کیونکہ میچ منسوخی کے خدشے کے باعث ہوٹل بکنگ پر منفی اثرات مرتب ہو رہے تھے۔

اس سے قبل پاکستان کی جانب سے میچ کے بائیکاٹ کے اعلان کے بعد کئی ہوٹل بکنگ منسوخی کی درخواستیں موصول ہوئیں جبکہ شائقین کرکٹ پاک بھارت میچ کے ٹکٹوں کی ری فنڈ پالیسی سے متعلق معلومات حاصل کر رہے تھے۔

بعد ازاں حکومت پاکستان نے قومی ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کی اجازت دے دی۔ جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان اور بھارت کا میچ 15 فروری کو شیڈول کے مطابق کھیلا جائے گا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان نے بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا، تاہم حکومتی فیصلے کے بعد میچ کی بحالی سے ٹورنامنٹ اور تجارتی سرگرمیوں کو بڑا سہارا ملا ہے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!