ہاکی

ورلڈ کپ کوالیفائر راؤنڈ: پاکستان اور جاپان سیمی فائنل میں آمنے سامنے

ورلڈ کپ کوالیفائر راؤنڈ: پاکستان اور جاپان سیمی فائنل میں آمنے سامنے

اسماعیلیہ: ایف آئی ایچ مینز ورلڈ کپ کوالیفائر راؤنڈ کے گروپ مرحلے کے اختتام کے بعد سیمی فائنلز کی لائن اپ مکمل ہوگئی ہے۔ سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ جاپان سے جبکہ انگلینڈ اور ملائیشیا کی ٹیمیں بھی ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔

ٹورنامنٹ فارمیٹ کے مطابق گروپ اے کی پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کا مقابلہ گروپ بی کی دوسری ٹیم سے ہوگا، جبکہ گروپ بی میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم گروپ اے کی رنر اپ ٹیم کے خلاف میدان میں اترے گی۔ دونوں سیمی فائنلز 6 مارچ کو کھیلے جائیں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان اور جاپان کی ٹیمیں نیشنز کپ میں بھی آمنے سامنے آ چکی ہیں جہاں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد جاپان کو 3-2 سے شکست دی تھی

گروپ مرحلے میں قومی ہاکی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گروپ بی میں اپنے تینوں میچ جیت کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ پاکستان نے تین میچ کھیل کر تینوں میں کامیابی حاصل کی اور 9 پوائنٹس کے ساتھ گروپ میں سرفہرست رہا جبکہ ٹیم کا گول ڈفرنس +5 رہا۔

گروپ بی میں ملائیشیا 6 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، چین 1 پوائنٹ کے ساتھ تیسرے جبکہ آسٹریا بھی 1 پوائنٹ کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہا۔
دوسری جانب گروپ اے میں انگلینڈ نے تینوں میچ جیت کر 9 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ جاپان 6 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔ مصر 3 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور امریکا بغیر کسی پوائنٹ کے چوتھے نمبر پر رہا۔

ٹورنامنٹ میں ٹیم گول اسکورنگ کے اعتبار سے ملائیشیا اور پاکستان دونوں نے 14، 14 گول اسکور کیے جبکہ جاپان نے 10، چین نے 9، انگلینڈ نے 8 اور مصر نے 6 گول کیے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!