کرکٹ

ایل آر سی اے انتخابات: شالیمار زون میں انتخابی سرگرمیاں عروج پر، خواجہ ندیم احمد گروپ کا بھرپور پاور شو

لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کے انتخابات:

شالیمار زون میں انتخابی سرگرمیاں عروج پر، خواجہ ندیم احمد گروپ کا بھرپور پاور شو

لاہور: لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کے آئندہ انتخابات کے سلسلے میں انتخابی مہم میں نمایاں تیزی آ چکی ہے، اور مختلف زونز میں سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔

اسی سلسلے میں شالیمار زون میں خواجہ ندیم احمد گروپ کی جانب سے ایک بڑا اور مؤثر اجتماع منعقد کیا گیا، جس میں ووٹرز اور کرکٹ حلقوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اجتماع کے دوران خواجہ ندیم احمد گروپ نے اپنے امیدواران کا باضابطہ اعلان کیا، جس کے تحت محمد ارشد کو صدر اور محمد خورشید (بابا خورشید) کو سیکرٹری کے عہدے کے لیے نامزد کیا گیا۔

اس موقع پر شالیمار زون کے ووٹرز نے بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے خواجہ ندیم احمد گروپ کے حمایت یافتہ امیدواران کی مکمل حمایت کا اعلان کیا، جو انتخابی منظرنامے میں ایک اہم پیش رفت تصور کی جا رہی ہے۔

محمد ارشد، جو اس تقریب کے میزبان بھی تھے، نے اپنے خطاب میں خواجہ ندیم احمد کی قیادت کو لاہور کرکٹ کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں کرکٹ کے نظام کو مزید مضبوط اور منظم بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کامیابی کی صورت میں وہ کرکٹ کی بہتری اور شفاف نظام کے قیام کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔

اس موقع پر بابا خورشید نے سیکرٹری کے لیے نامزد کیے جانے پر خواجہ ندیم احمد اور تمام ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ اس اعتماد پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی اولین ترجیح کرکٹ کے فروغ، کھلاڑیوں کی فلاح اور ادارے کی مضبوطی ہوگی۔

تقریب کے دوران مہمانوں کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا، جہاں تمام معزز شرکاء کی پرتپاک انداز میں تواضع کی گئی۔ ظہرانے میں شرکت کرنے والوں میں محمد ارشد، بابا خورشید، ملک محمد سرور، وقار المنیر،

رضا الکریم بٹ، سید اعجاز شاہ، غلام حسین نوری، اسد علی، ملک عطاء الرحمن، آصف عزیز، نئیر جاوید، عامر ابراہیم، اکبر علی عطاری، ملک ریاض، غلام شبیر، عابد ذوالفقار، صہیب ایوبی اور کاشف لطیف سمیت دیگر اہم شخصیات شامل تھیں۔

تقریب کے اختتام پر محمد ارشد نے خواجہ ندیم احمد کی جانب سے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی شرکت کو انتخابی مہم کے لیے حوصلہ افزا قرار دیا۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ باہمی اتحاد اور مضبوط حکمت عملی کے ذریعے کامیابی حاصل کی جائے گی اور لاہور کرکٹ کو ایک نئی سمت دی جائے گی۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!