
لاہور بلوز کی شاندار فتح، سپر تھری مرحلے میں رسائی حاصل
لاہور: قومی انڈر 17 کپ میں لاہور بلوز نے ایک اہم اور یکطرفہ مقابلے میں فاٹا ریجن کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر نہ صرف اپنی برتری ثابت کی بلکہ ایونٹ کے سپر تھری مرحلے کے لیے بھی کوالیفائی کر لیا۔
یہ میچ HPC گراؤنڈ فیصل آباد میں کھیلا گیا جہاں لاہور بلوز کے کھلاڑیوں نے ہر شعبے میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
فاٹا ریجن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی اننگ میں 105 رنز بنائے جبکہ دوسری اننگ میں 217 رنز اسکور کیے۔ جواب میں لاہور بلوز نے پہلی اننگ میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 286 رنز بنا کر نمایاں برتری حاصل کی۔
دوسری اننگ میں لاہور بلوز کو جیت کے لیے صرف 37 رنز درکار تھے، جو انہوں نے بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے بآسانی حاصل کر لیے۔
میچ کے ہیرو یعقوب خان رہے جنہوں نے شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 9 وکٹیں حاصل کیں اور بیٹنگ میں بھی قیمتی 42 رنز اسکور کیے۔ ان کی اس غیرمعمولی کارکردگی پر انہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
کپتان علی کھوکھر اور محمد عالیان نے بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچریاں اسکور کیں اور ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
لاہور بلوز کی اس کامیابی پر لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ صدر لاہور ریجن خواجہ ندیم احمد نے یعقوب خان کے لیے خصوصی کیش انعام کا اعلان کیا اور ٹیم کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔
انہوں نے لاہور بلوز کی پوری ٹیم، کپتان علی کھوکھر، منیجر خالق لودھی اور ہیڈ کوچ آصف اشفاق کو دلی مبارکباد پیش کی۔ اس کے ساتھ ساتھ لاہور ریجن کے تمام کلب آرگنائزرز کی کاوشوں کو بھی سراہا گیا۔
قومی انڈر 17 کپ کا سپر تھری مرحلہ 2 مئی سے شروع ہوگا، جس میں گروپ اے، بی اور سی کی پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں مدِ مقابل ہوں گی۔ لاہور بلوز نے گروپ سی میں پہلی پوزیشن حاصل کرتے ہوئے اس مرحلے کے لیے اپنی جگہ مستحکم کر لی ہے۔



