کرکٹ

شاہین آفریدی ’’ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ‘‘ میں 100 وکٹیں لینے والے پہلے پاکستانی بولر بن گئے

ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں 100 وکٹیں لینے والے پہلے پاکستانی بولر بن گئے

پاکستان کے اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے ایک بڑا اعزاز اپنے نام کر لیا۔

بنگلہ دیش کے خلاف ڈھاکہ ٹیسٹ میں انہوں نے 100 وکٹیں مکمل کر کے یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے پاکستانی بولر بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

ڈھاکہ میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں اپنی 100 ویں وکٹ حاصل کر کے اہم سنگِ میل عبور کیا۔

شاہین نے یہ تاریخی وکٹ بنگلہ دیشی اوپنر محمود الحسن جوئے کو آؤٹ کر کے حاصل کی۔ اس کامیابی کے ساتھ وہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کی تاریخ میں 100 وکٹیں مکمل کرنے والے پہلے پاکستانی بولر بن گئے۔

انہوں نے یہ سنگ میل صرف 28 میچوں میں عبور کیا۔ پاکستانی بولرز میں ان کے بعد نعمان علی کا نمبر آتا ہے، جنہوں نے 20 میچوں میں 89 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

26 سالہ فاسٹ بولر مجموعی طور پر ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں 100 وکٹیں لینے والے 19 ویں بولر بھی بن گئے ہیں۔

ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں سب سے زیادہ وکٹوں کا ریکارڈ آسٹریلوی بولر ناتھن لائن کے پاس ہے، جنہوں نے 55 میچوں میں 224 شکار کیے۔

دوسرے نمبر پر پیٹ کمنز ہیں جن کے نام 54 میچوں میں 222 وکٹیں ہیں، جبکہ مچل اسٹارک 52 میچوں میں 221 وکٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!