راولپنڈی انڈر 17 نے نیشنل انڈر 17 کپ جیت لیا.
راولپنڈی کے محمد الیان کو میچ میں سات وکٹیں لینے پر پلیئر آف دی میچ قرار دے دیا گیا۔

راولپنڈی انڈر 17 نے نیشنل انڈر 17 کپ جیت لیا
فیصل آباد ; راولپنڈی انڈر17 نے پہلی اننگز میں 97 رنز کے خسارے کے باوجود شاندار کم بیک کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے فائنل میں ایبٹ آباد انڈر17 کی ٹیم 229 رنز کے تعاقب میں 103 رنز پر ڈھیرہوگئی، راولپنڈی کے محمد الیان کو میچ میں7 وکٹیں لینے پر پلیئر آف دی میچ قرار دے دیا گیا۔
لیگ سپنر محمد الیان نے دوسری اننگز میں 17 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا،اذان احمد نے بھی عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری اننگز میں 3 وکٹیں حاصل کیں۔
راولپنڈی انڈر 17 نے ٹورنامنٹ جیتنے پر 10 لاکھ روپے کی انعامی رقم حاصل کرلی،رنر اپ ایبٹ آباد انڈر 17 کو 5 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی گئی۔
ایبٹ آباد کے محمد صائم کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی اور بہترین بولر قرار دیا گیا،
محمد صائم نے ٹورنامنٹ میں 46 وکٹیں لینے کے ساتھ 136 رنز بھی سکور کیے۔ راولپنڈی کے محمد یوسف 652 رنز بنا کر ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹر قرار پائے۔



