کرکٹ

آئی سی سی نے کینیڈین کرکٹ بورڈکی فنڈنگ 6ماہ کیلئے معطل کردی

آئی سی سی نے کینیڈین کرکٹ بورڈکی فنڈنگ 6ماہ کیلئے معطل کردی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے گورننس سے متعلق سنگین خدشات کے باعث کرکٹ کینیڈا کی فنڈنگ چھ ماہ کیلئے معطل کر دی ہے جس کے بعد کینیڈین کرکٹ بورڈ کو بڑا مالی دھچکا پہنچا ہے۔

آئی سی سی نے رواں ہفتے کرکٹ کینیڈا کو اس فیصلے سے آگاہ کر دیا۔فنڈنگ کی معطلی سے قومی ٹیموں کی کرکٹ سرگرمیوں یا ہائی پرفارمنس پروگرامز پر فوری اثر نہیں پڑیگا تاہم کرکٹ کینیڈا کی آمدنی کا بڑا حصہ آئی سی سی فنڈز پر مشتمل ہے۔

2024 کے مالیاتی گوشواروں کے مطابق بورڈ کی کل آمدنی میں تقریباً 63 فیصد حصہ آئی سی سی کی جانب سے فراہم کردہ فنڈنگ کا تھا جو تقریباً 3.6 ملین کینیڈین ڈالر بنتا ہے۔

آئی سی سی نے تاحال ان گورننس مسائل کی مکمل تفصیلات جاری نہیں کیں، تاہم کینیڈا میں نشر ہونے والے تحقیقاتی پروگرام میں کرکٹ کینیڈا میں مالی نگرانی کی کمی اور آئی سی سی پالیسیوں کی مبینہ خلاف ورزیوں کا انکشاف کیا گیا تھا۔

کرکٹ کینیڈا گزشتہ کچھ عرصے سے مختلف تنازعات کی زد میں ہے۔ حال ہی میں کینیڈا اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی20 ورلڈ کپ میچ بھی آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ کی تحقیقات کا حصہ بنا

جبکہ سابق ہیڈ کوچ خرم چوہان کی ایک مبینہ آڈیو لیک کے بعد بھی تحقیقات جاری ہیں جس میں سابق بورڈ ارکان پر کھلاڑیوں کے انتخاب میں دباؤ ڈالنے اور میچ فکسنگ سے متعلق الزامات سامنے آئے تھے۔

ادھر کرکٹ کینیڈا کی انتظامیہ پہلے ہی سابق چیف ایگزیکٹو سلمان خان کی تقرری اور بعد ازاں برطرفی کے معاملے پر تنقید کی زد میں رہی ہے۔ رپورٹس کے مطابق ان پر ماضی کے مقدمات ظاہر نہ کرنے کا الزام تھا جبکہ کیلگری پولیس نے ان پر فراڈ اور چوری کے مقدمات بھی قائم کیے جن کی انہوں نے تردید کی ہے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!