
پاکستان کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر برطانوی شہری بن گئے ہیں،
پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جس کے مطابق وہ برطانیہ کے شہری بن گئے ہیں اور برطانوی حکومت کی جانب سے انہیں باقاعدہ پاسپورٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق محمد عامر نے چند سال قبل برطانوی شہریت اور پاسپورٹ کے حصول کے لیے قانونی درخواست دی تھی، جس کے بعد مقررہ تمام قانونی تقاضے اور ضروری مراحل مکمل کیے گئے۔ تمام کارروائی مکمل ہونے کے بعد اب انہیں برطانوی پاسپورٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
محمد عامر کا شمار پاکستان کے ان بولرز میں ہوتا ہے جنہوں نے بین الاقوامی کرکٹ میں نمایاں کارکردگی دکھائی۔ وہ پاکستان کی جانب سے مختلف فارمیٹس میں نمائندگی کر چکے ہیں اور طویل عرصے تک قومی ٹیم کا حصہ رہے ہیں۔ ان کے بین الاقوامی کیریئر میں 36 ٹیسٹ، 61 ون ڈے اور 62 ٹی ٹوئنٹی میچز شامل رہے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق محمد عامر کی اہلیہ نرجس خان پہلے ہی برطانوی شہری ہیں، جس کے بعد ان کی برطانیہ میں قانونی اور خاندانی حیثیت مزید مستحکم ہوئی ہے۔
برطانوی شہریت حاصل کرنے کے بعد محمد عامر کے لیے پیشہ ورانہ کرکٹ کے نئے دروازے بھی کھل گئے ہیں، اور اب وہ مختلف لیگز میں بطور غیر ملکی کھلاڑی حصہ لینے کے بجائے برطانوی شہری کی حیثیت سے بھی کھیلنے کے اہل تصور کیے جا رہے ہیں، جن میں انڈین پریمیئر لیگ بھی شامل ہے۔
بدھ کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر شیئر کی گئی ایک پوسٹ کو محمد عامر نے اپنے آفیشل اکاؤنٹ سے شیئر کیا، جس میں ایک صارف نے برطانوی شہریت ملنے پر ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔
بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے پاکستانی کھلاڑیوں کی آئی پی ایل میں شرکت پر پابندی عائد کر رکھی ہے، یہی وجہ ہے کہ ماضی میں پاکستان کے سابق آل راؤنڈر اظہر محمود بھی برطانوی شہریت حاصل کرنے کے بعد آئی پی ایل میں میں شریک ہوئے تھے۔
برطانوی پاسپورٹ ملنے کے بعد اب محمد عامر بھی تکنیکی طور پر آئی پی ایل کھیلنے کے اہل ہو گئے ہیں، یہ خبریں بھی گردش کر رہی ہیں کہ اگر انہیں آئی پی ایل سے پیشکش آئی تو وہ اس میں شرکت پر ضرور غور کر
یاد رہے کہ محمد عامر نے گزشتہ سال بین الاقوامی کرکٹ سے دوسری مرتبہ ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد ان کے مستقبل کے کرکٹ منصوبوں سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں بھی جاری تھیں، تاہم اب ان کی شہریت کی تبدیلی نے ان کے کیریئر کو ایک نئی سمت دے دی ہے۔



