دیگر سپورٹس

اسلام آباد اولمپک ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام راول جھیل میں اولمپک ڈے 2026 منایا گیا

اسلام آباد اولمپک ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام راول جھیل میں اولمپک ڈے 2026 منایا گیا

اسلام آباد: اسلام آباد اولمپک ایسوسی ایشن (IOA) کے زیر اہتمام اولمپک ڈے 2026 کی تقریب راول جھیل، اسلام آباد میں نہایت جوش و خروش سے منعقد کی گئی۔ اس تقریب کا مقصد اولمپک اقدار یعنی اعلیٰ کارکردگی، دوستی، احترام اور صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینا تھا۔

اسلام آباد اولمپک ایسوسی ایشن سے وابستہ مختلف کھیلوں کی تنظیموں کے 80 سے زائد شرکاء نے اولمپک ڈے واک اور دیگر تفریحی و جسمانی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کی۔

تقریب کا آغاز اولمپک ترانے (Olympic Anthem) سے کیا گیا، جس کے ذریعے شرکاء نے اولمپک تحریک کے نظریات اور اقدار سے اپنی وابستگی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر خزانچی اسلام آباد اولمپک ایسوسی ایشن، اعجاز الحق نے اولمپک ڈے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کھیل نہ صرف جسمانی صحت کو فروغ دیتے ہیں بلکہ معاشرے میں اتحاد، دوستی، احترام اور امن کے فروغ کا بھی ذریعہ ہیں۔

تقریب میں اولمپئن صدف صدیقی اور ایشین گولڈ میڈلسٹ برائے روئنگ، چوہدری مقبول نے بھی شرکت کی اور اولمپک تحریک کے عالمی پیغام کو اجاگر کرتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں کو کھیلوں میں اعلیٰ کارکردگی کے حصول کے لیے محنت اور لگن سے کام کرنے کی تلقین کی۔

سیکریٹری جنرل اسلام آباد اولمپک ایسوسی ایشن، رضوان الحق رازی بھی تقریب میں موجود تھے۔ اس کے علاوہ اسلام آباد اولمپک ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین، ملحقہ ایسوسی ایشنز کے عہدیداران، کھلاڑیوں اور کھیلوں کے منتظمین نے بھی بھرپور شرکت کی۔

اولمپک ڈے کی مناسبت سے ماحول دوست سرگرمی کے طور پر خصوصی شجرکاری مہم بھی منعقد کی گئی۔ شرکاء نے پودے لگا کر ماحول کے تحفظ اور آئندہ نسلوں کے لیے ایک سرسبز و شاداب مستقبل کے عزم کا اظہار کیا۔

تقریب کے اختتام پر نائب صدر اسلام آباد اولمپک ایسوسی ایشن، اوجِ ظہور نے تمام شرکاء، ملحقہ ایسوسی ایشنز اور منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے تعاون اور بھرپور شرکت نے اولمپک ڈے کی تقریبات کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

اسلام آباد اولمپک ایسوسی ایشن نے اس موقع پر اولمپک اقدار کے فروغ، کھیلوں میں عوامی شرکت بڑھانے اور معاشرتی و ماحولیاتی بہتری کے لیے اپنی وابستگی کا اعادہ کیا۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!