
آئی سی سی نے حارث رؤف پر 2 میچز کی پابندی لگادی،
صاحبزادہ فرحان کو آفیشل وارننگ جاری
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ایشیا کپ کے دوران پیش آنے والے مختلف واقعات کی سماعت مکمل کرتے ہوئے پاکستانی اور بھارتی کھلاڑیوں پر سزاؤں کا اعلان کردیا ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف، بیٹر صاحبزادہ فرحان اور بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کو کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حارث رؤف پر دو میچز کی پابندی عائد کی گئی ہے، جبکہ ان کی میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ اور دو ڈی میرٹ پوائنٹس بھی دیے گئے ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 24 ماہ میں چار ڈی میرٹ پوائنٹس مکمل ہونے پر حارث رؤف کو دو معطلی پوائنٹس ملے ہیں، جس کے باعث وہ چار اور چھ نومبر کے میچز میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔
دوسری جانب صاحبزادہ فرحان کو آئی سی سی نے آفیشل وارننگ جاری کرتے ہوئے ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دیا ہے، جبکہ بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو پر بھی میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ اور دو ڈی میرٹ پوائنٹس عائد کیے گئے ہیں۔
آئی سی سی کے اعلامیے کے مطابق کھلاڑیوں نے اپنی غلطی تسلیم کرلی ہے اور ماچ ریفری کے فیصلے کو بغیر کسی سماعت کے قبول کرلیا ہے، جس کے بعد مزید کارروائی کی ضرورت نہیں رہی۔


