کرکٹ

وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی ایک روزہ میچز کی سنچری مکمل

وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے 100میچ کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا

راولپنڈی: قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے ایک روزہ فارمیٹ میں 100 میچ کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے ایک روزہ فارمیٹ میں ایک اور سنگ میل عبور کر لیا۔ راولپنڈی میں سری لنکا کے خلاف تیسرے اور آخری ایک روزہ مقابلے محمد رضوان نے 100 میچ کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

سری لنکا کے خلاف میچ کے آغاز سے قبل میدان میں محمد رضوان کے اعزاز میں تقریب بھی ہوئی۔ جس میں ساتھی کھلاڑیوں نے وکٹ کیپر بیٹر کو یادگار موقع پر مبارک باد دی۔

اس موقع پر قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محمد رضوان نے گراؤنڈ میں ہمیشہ انرجی دکھائی۔ اور ان میں پاکستان کے لیے کھیلنے کی چاہت ہے۔

نسیم شاہ نے محمد رضوان کو 100 ویں ایک روزہ انٹرنیشنل میچ کی کیپ پیش کی۔

محمد رضوان کا یہ 100 واں ون ڈے انٹرنیشنل ہے اور اس کے ساتھ ہی وہ ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی سنچری کرنے والے 33 ویں پاکستانی بلے باز بن گئے ہیں۔

اس فہرست میں سب سے اوپر سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد آفریدی ہیں، جنہوں نے اپنے کیریئر میں 393 ایک روزہ انٹرنیشنل میچز کھیلے۔ انضمام الحق 375 اور وسیم اکرم 356 میچز کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔

اس فہرست میں لیجنڈری عمران خان، جاوید میاں داد، محمد حفیظ، شعیب ملک، وقار یونس، ثقلین مشتاق، سعید انور، بابر اعظم جیسے بڑے نام موجود ہیں۔

دوسری جانب محمد رضوان ون ڈے میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے قومی وکٹ کیپرز میں تیسرے نمبر پر ہیں۔

اس فہرست میں سابق کپتان معین خان 219 میچوں میں 3266 رنز کے ساتھ سر فہرست ہیں۔ کامران اکمل 3236 کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ رضوان نے 2860 رنز بنا رکھے ہیں۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!