کرکٹ

عماد وسیم اور اہلیہ ثانیہ اشفاق میں طلاق، اہلیہ کے حیران کن انکشافات

عماد وسیم اور اہلیہ ثانیہ اشفاق میں طلاق، راہیں جدا ہوگئیں ، اہلیہ کے حیران کن انکشافات

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم کی اہلیہ ثانیہ اشفاق نے اپنے حالیہ بیان میں ازدواجی زندگی میں پیش آنے والے تنازع پر تفصیلی مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے اور عماد وسیم کے درمیان معاملات اس وقت سنگین صورت اختیار کر گئے

جب ایک تیسری شخصیت ان کی زندگی میں داخل ہوئی۔ ثانیہ اشفاق کے مطابق اسی مرحلے پر تعلقات میں دراڑیں بڑھتی چلی گئیں اور گھر کا سکون متاثر ہوا۔

عماد وسیم کی جانب سے سوشل میڈیا پر دیے گئے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ثانیہ اشفاق نے کہا کہ اس پورے معاملے سے متعلق ہر بات کے پاس دستاویزی ثبوت موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جو افراد انہیں یہ دھمکیاں دے رہے ہیں کہ وہ شواہد عوام کے سامنے نہ لائیں، ان سے قانونی طریقے سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ کسی قسم کی بلیک میلنگ یا دباؤ کو قبول نہیں کریں گی۔

ثانیہ اشفاق نے کہا کہ وہ یہ باتیں بدلے کی نیت سے نہیں بلکہ اپنے اور اپنے بچوں کے حق کے لیے سامنے لا رہی ہیں۔ ان کے مطابق وہ ہر اس خاتون کی آواز بننا چاہتی ہیں جسے معاشرے میں خاموش کر دیا جاتا ہے اور جو ناانصافی کے باوجود بولنے کی ہمت نہیں کر پاتی۔ انہوں نے کہا کہ سچ بولنا ان کے لیے ایک مشکل مگر ضروری قدم ہے۔

انہوں نے جذباتی انداز میں کہا کہ ان کا گھر اجڑ گیا اور ان کے بچے اپنے والد کی توجہ اور محبت سے محروم ہو گئے۔ ثانیہ اشفاق کے مطابق ان کا پانچ سالہ بچہ آج تک اپنے والد کی آغوش سے محروم ہے، جو ان کے لیے سب سے بڑا دکھ اور اذیت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماں کے لیے بچوں کو اس حالت میں دیکھنا ناقابلِ برداشت ہوتا ہے۔

ثانیہ اشفاق نے مزید بتایا کہ شادی کے دوران کچھ مشکلات ضرور رہیں، لیکن اس کے باوجود انہوں نے رشتہ نبھانے کی ہر ممکن کوشش کی۔ ان کے مطابق بطور بیوی اور ماں انہوں نے صبر، برداشت اور سمجھوتے کا راستہ اختیار کیا تاکہ خاندان محفوظ رہ سکے۔ تاہم حالات اس حد تک بگڑ گئے کہ تعلق کو بچانا ممکن نہ رہا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ معاملات اس وقت زیادہ خراب ہوئے جب ایک خاتون، جو ان کے شوہر سے شادی کی خواہشمند تھی، ان کی ازدواجی زندگی میں مداخلت کرنے لگی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہی تیسری شخصیت ان کے رشتے میں تلخی اور فاصلے کا سبب بنی۔

ثانیہ اشفاق نے کہا کہ بچوں کے مستقبل اور گھر کے وقار کی خاطر انہوں نے طویل عرصے تک ذہنی اذیت اور تلخ رویے کو برداشت کیا۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ انہیں خاموش رہنے کا مشورہ دے رہے ہیں، انہیں یہ جان لینا چاہیے کہ انصاف ضرور ہوگا اور سچ کو دبایا نہیں جا سکتا۔

اس سے قبل عماد وسیم نے اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ کافی سوچ بچار کے بعد انہوں نے طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ان کے مطابق ان کے اور اہلیہ کے درمیان کئی برسوں سے اختلافات چلے آ رہے تھے جو حل نہ ہو سکے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی تھی کہ ان کی نجی زندگی کا احترام کیا جائے اور بے بنیاد قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے

قومی کرکٹر نے مزید کہاکہ ذاتی معاملات پر منفی تبصرہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کے لیے ہمیشہ موجود رہیں گے اور ان کی مکمل دیکھ بھال کریں گے۔

واضح رہے کہ عماد وسیم اور ثانیہ اشفاق اگست 2019 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے اور ان کے 3 بچے ہیں۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!