
گوادر کرکٹ اکیڈمی نے اپنی نئی کٹ متعارف کروادی
حق دو تحریک کے بانی ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمان نے گوادر کرکٹ اکیڈمی نئی کٹ کی رونمائی کی
مولانا ہدایت الرحمان نے نوجوان کھلاڑیوں کیلئے بیس جوڑے پروفیشنل کرکٹ شوز دینے کا اعلان کیا
لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) گوادر کرکٹ اکیڈمی نے اپنی نئی کٹ متعارف کروادی۔شہید یاسر سنی کانفرنس ہال میں منعقد ہونے والی تقریب کے مہمان خصوصی حق دو تحریک کے بانی ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمان تھے
ان کے ہمراہ اکرم فدا (ڈسٹرکٹ چیئرمین حق دو تحریک و کونسلر) اور نوجوان سیاسی رہنما، کونسلر و ممبر کور کمیٹی حق دو تحریک نوید بلوچ بھی شریک تھے۔
گوادر کرکٹ اکیڈمی آمد پر حنیف حسین ، ایاز اسد خان اور شریف حسین نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیاجبکہ مولانا ہدایت الرحمان نے نوجوان کھلاڑیوں سے نہایت پرجوش انداز میں مصافحہ کیا۔
معزز مہمان خصوصی نے گوادر کرکٹ اکیڈمی کی مہمانوں کی کتاب میں اپنے قیمتی تاثرات بھی قلمبند کیے۔ تقریب میں نوجوان کھلاڑیوں سمیت علاقے کی سپورٹس لورز شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
نئی سپورٹس کٹ ملک برادرزانجینئرنگ سروسس کراچی کی جانب سے گوادر کے نوجوان کرکٹرز کو فراہم کی گئیں۔ گوادر کرکٹ اکیڈمی کی نئی کٹ کی رونمائی مہمان خصوصی حق دو تحریک کے بانی ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمان نے کی۔
گوادر کرکٹ اکیڈمی کے صدر حنیف حسین گوادر کرکٹ اکیڈمی کے قیام، اغراض و مقاصد، اب تک کی نمایاں کامیابیوں اور چیئرمین اکیڈمی حاجی عبدالحمید رشید کی بے لوث اور انتھک خدمات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
حنیف حسین نے شہید یاسر سنی کی گوادرمیں کرکٹ کے کھیل کو فروغ دینے کیلئے بے شمار قربانیوں بارے بھی آگاہ کیااور شہید یاسر سنی کی بے لوث خدمات کو خراج تحسین پیش کیا
اور ان کی بے پناہ خدمات کے اعتراف میں گوادر کرکٹ اکیڈمی کے کانفرنس اینڈمیوزیم ہال کو شہید یاسر سنی کے نام سے منسوب کیا۔
مہمانِ خصوصی مولانا ہدایت الرحمان نے اپنے خطاب میں گراس روٹ لیول پر کرکٹ کے فروغ میں گوادر کرکٹ اکیڈمی کے کردار کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اسے علاقے کے نوجوانوں کیلئے ایک مثالی اور رول ماڈل ادارہ قرار دیا۔
مولانا ہدایت الرحمان نے کہا کہ یہ بلوچستان کی واحد کرکٹ اکیڈمی ہے جو مکمل طور پر اپنی مدد آپ کے تحت حاجی عبدالحمید رشید، حاجی حنیف اور ان کے مخلص رفقاءکی کاوشوں سے چلائی جا رہی ہے
ان افراد نے ذاتی وسائل سے لاکھوں روپے خرچ کر کے اس اکیڈمی کو پاکستان صف اول کی کرکٹ اکیڈمیوں میں شامل کر دیا ہے۔اس موقع پر مولانا ہدایت الرحمان نے گوادر کرکٹ اکیڈمی کے کھلاڑیوں کیلئے بیس جوڑے پروفیشنل کرکٹ شوز دینے کا اعلان بھی کیا ۔
واضح رہے کہ گوادر کرکٹ اکیڈمی ایک مثالی رضاکارانہ ادارہ ہے جو مستحق کھلاڑیوں کو بغیر کسی فیس کے سہولیات فراہم کر رہا ہے، جو نوجوان نسل کی بہترین تربیت اور آبیاری کا عملی ثبوت ہے۔
مولانا ہدایت الرحمان نے کہا کہ محدود وسائل اور سہولیات کے فقدان کے باوجود گوادر کے نوجوان جس جذبے، محنت اور مستقل مزاجی سے کھیل کے میدان میں آگے بڑھ رہے ہیں وہ واقعی قابل فخر ہے۔



