
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: آئر ینڈ کو بڑا دھچکا، کپتان پال اسٹرلنگ انجری کے باعث ایونٹ سے باہر
آئر ینڈ کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں بڑا دھچکا لگا گیا ہے، کپتان اور جارح مزاج بیٹر پال اسٹرلنگ انجری کے باعث ایونٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 35 سالہ آئر ینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان پال اسٹرلنگ کو آسٹریلیا کے خلاف حالیہ میچ میں کیچ پکڑتے ہوئے گھٹنے کی شدید چوٹ لگی، جس کے بعد ان کے کھیل جاری رکھنے کے امکانات کم ہو گئے تھے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ٹیکنیکل کمیٹی نے فوری طور پر اسٹرلنگ کے متبادل کے طور پر 20 سالہ بلے باز سیم ٹاپنگ کو آئرلینڈ اسکواڈ میں شامل کرنے کی منظوری دے دی، سیم ٹاپنگ عمان اور زمبابوے کے خلاف گروپ مرحلے کے میچز میں ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔
سیم ٹاپنگ کی شمولیت سے ٹیم کی بیٹنگ اور فیلڈنگ کی طاقت کو برقرار رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ کپتان کی غیر موجودگی میں بھی ٹیم مقابلہ بازی میں مستحکم رہے۔
اس موقع پر آئرلینڈ کے ہیڈ کوچ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ٹیم ہر حال میں اپنی مکمل صلاحیتوں کا مظاہرہ کرے گی اور سیم ٹاپنگ کو جلد از جلد ٹیم میں ڈھال کر اسے ورلڈ کپ میں کامیابی کی طرف لے جائیں گے۔
ماہرین کے مطابق پال اسٹرلنگ کی غیر موجودگی آئرلینڈ کے لئے چیلنج ثابت ہو سکتی ہے کیونکہ وہ نہ صرف بیٹنگ لائن اپ کے اہم ستون ہیں بلکہ ٹیم کی قیادت میں بھی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ آئرلینڈ اپنا اگلا میچ ہفتہ کو کولمبو میں عمان کے خلاف کھیلے گا اوت گروپ کا آخری میچ 17 فروری کو زمبابوے سے کھیلا جائے گا۔



