
اے بی ایس ڈویلپرز نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کا پشاور کے عمران خان کرکٹ سٹیڈیم میں آغاز
ٹورنامنٹ کے پہلے دن لاہور ریجن وائٹس اور کراچی ریجن وائٹس نے اپنے میچز جیت لیے پہلے میچ میں لاہور وائٹس نے پشاور ریجن کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی
لاہور وائٹس نے پلیئر آف دی میچ فرحان یوسف کی شاندار نصف سنچری کی بدولت 168 رنز کا ہدف 17 اوورز میں حاصل کیا فرحان یوسف 31 گیندوں پر پانچ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 61 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے
لاہور وائٹس کی جانب سے اوپننگ بلے باز محمد اخلاق نے بھی 46 گیندوں پر آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی بدولت 58 رنز بنائے
پشاور نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اوپنر یاسر خان کی نصف سنچری کی مدد سے مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنائے
لاہور وائٹس کے کپتان عامر جمال نے تین، لیگ سپنر رمیز جونیئر نے دو جبکہ نسیم شاہ اور عبید شاہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا
دوسرے میچ میں کراچی وائٹس نے فیصل آباد ریجن کو آٹھ وکٹوں سے شکست دی
فیصل آباد نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 57 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں پر 171 رنز بنائے
محمد اویس ظفر نے اپنی 81 رنز کی ناقابل شکست اننگز میں 53 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے چھ چوکے اور تین چھکے لگائے
کراچی وائٹس کی جانب سے صائم ایوب اور محمد عمر نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا
جواب میں کراچی وائٹس کی جانب سے عبداللہ فضل اور خواجہ محمد نافع بالترتیب 76 اور 48 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے دونوں کی 86 رنز کی دھواں دھار شراکت کی بدولت کراچی وائٹس نے ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر 17 اعشاریہ ایک اوورز میں حاصل کیا
پلیئر آف دی میچ عبداللہ فضل نے 51 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے تین چوکے اور پانچ چھکے لگائے
خواجہ نافع کی اننگز میں چھ چوکے اور دو چھکے شامل تھے
فیصل آباد کی جانب سے فاسٹ بائولرز زمان خان اور محمد ذیشان ایک ایک وکٹ حاصل کر سکے
ٹورنامنٹ کے دوسرے روز ایبٹ آباد کا سامنا ملتان اور سیالکوٹ کا مقابلہ کراچی بلوز سے ہوگا



