
12ویں جے اے زمان میموریل گالف چیمپئن شپ: سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایمیچر سیگمنٹ اختتام پذیر
لاہور: لاہور جمخانہ میں جاری 12ویں جے اے زمان میموریل اوپن گالف چیمپئن شپ کا ایمیچر سیگمنٹ انتہائی سنسنی خیز اور کانٹے دار مقابلے کے بعد اختتام پذیر ہو گیا۔
اس ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے 300 سے زائد ایمیچر گالفرز نے حصہ لیا، جنہیں مینز، لیڈیز، سینئرز، ویٹرنز اور جونیئرز کے زمروں میں تقسیم کیا گیا تھا۔
مینز ایمیچر کیٹیگری میں کھیل کا معیار چیمپئن شپ کے وقار کے عین مطابق رہا۔ محمد شعیب، جنہوں نے پہلے دو روز کھیل پر مکمل گرفت حاصل کر رکھی تھی، جیت کے انتہائی قریب پہنچ چکے تھے۔
جب کھیل کے صرف چار ہولز باقی تھے، وہ پانچ شاٹس کی برتری کے ساتھ ٹائٹل کی دوڑ میں سب سے آگے تھے۔ تاہم، 16 ویں ہول پر دو مرتبہ ‘پینلٹی ایریا’ میں جانے کی وجہ سے ان کی برتری ختم ہو گئی اور وہ پہلی بار دباؤ کا شکار ہوئے۔
تیز ہواؤں اور مشکل صورتحال میں شاہ میر ماجد نے اعصاب پر قابو رکھا اور 71 کا سکور کارڈ ترتیب دے کر چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ 18 ویں ہول پر ان کا ایک شاٹ بال بال پینلٹی ایریا سے بچا، جس کے بعد ایک بوگی نے ان کی فتح پر مہر ثبت کر دی۔ دوسری جانب، ابھرتے ہوئے کھلاڑی زید عمر نے ‘فرسٹ نیٹ’ پوزیشن حاصل کی۔
خواتین کے زمرے میں پشاور سے تعلق رکھنے والی سارہ امین خان نے چند غلطیوں کے باوجود مستقل مزاجی کا مظاہرہ کیا اور شاندار کامیابی سمیٹی۔ لاہور جیم خانہ کی علیسہ رشید دوسرے نمبر پر رہیں۔
سینئر ایمیچر کیٹیگری میں مقامی گالفر محسن ظفر چھائے رہے، جنہوں نے آغاز سے ہی سبقت حاصل کی اور اسے آخر تک برقرار رکھا۔ احمد ظفر حیات نے دوسری جبکہ سردار مراد خان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
ٹورنامنٹ آرگنائزر آہیان ممتاز نے ایونٹ کی کامیابی پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا، "رواں سال چیمپئن شپ کو ملنے والا غیر معمولی ردعمل اسپانسرز اور انتظامیہ کے لیے انتہائی حوصلہ افزا ہے۔ ہم زمان فیملی کے بے حد مشکور ہیں جن کے تعاون سے پاکستان میں گالف کے فروغ میں مدد مل رہی ہے۔”
چیمپیئن شپ کا اگلا مرحلہ آئندہ ہفتے سے شروع ہوگا جس میں ملک بھر کے ٹاپ پروفیشنل گالفرز ٹرافی کے لیے میدان میں اتریں گے۔



