
61 ویں قومی ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ کل سے پشاور میں شروع ہوگی‘ولی محمد آفریدی
پشاور(سپورٹس لنک رپورٹ)61 ویں نیشنل ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ کل 6 اپریل سے پشاور میں واقع پی ایس بی جمنازیم ہال میں شروع ہورہی ہے جس کیلئے تمام ٹیمیں پشاور پہنچ گئیں ہے
جس میں دوسو سے زائد مرد وخواتین کھلاڑی شرکت کررہے ہیں ان خیالات کا اظہار چیئر مین کمیٹی ریجنل کوارڈینیٹر او جی ڈی سی ایل ولی محمد آفریدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا
ان کے ہمراہ پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن کے ڈپٹی پریذیڈنٹ ‘کے پی ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر اور ڈائریکٹر ٹورنامنٹ کفایت خان بھی موجودتھے ۔انہوں نے بتایا کہ اوجی ڈی سی ایل کے تعاون سے 14 سال کے بعد قومی ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ کی میزبانی خیبر پختونخوا کو دی گئی ہے
جو بہت بڑی کامیابی ہے‘مقابلے دس اپریل تک جاری رہیں گے، چیمپئن شپ کا باضابطہ افتتاح آج چھ اپریل کو صبح گیارہ بجے پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن کے صدر کرینگے ۔
چیمپئن شپ میں پنجاب، سندھ ، بلوچستان،خیبر پختونخوا کے علاوہ گلگت بلتستان‘کشمیر‘اسلام آباد اور گیارہ ڈیپارٹمنٹس کی مینز اور ویمنز ٹیمیں شرکت کررہی ہیں‘
مقابلوں کے آرگنائزنگ سیکرٹری شہزاد اسلام ہوں گے‘قومی مقابلوں میں ملک بھر سے دو سو سے زائد کھلاڑی اور آفیشلز شرکت کرہے ہیں جن کو بہترین سہولتوں کی فراہمی کیلئے بہترین انتظامات کئے جارہے ہیں۔



