فٹ بال

ارجنٹینا یا اسپین، فٹبال ورلڈ کپ کون جیتے گا؟

دنیا بھر کے کروڑوں فٹبال شائقین کی نظریں ورلڈکپ 2026 کے گرینڈ فائنل پر مرکوز ہو گئیں

ارجنٹینا یا اسپین، فٹبال ورلڈ کپ کون جیتے گا؟پیشگوئی وائرل

فیفا ورلڈکپ 2026 کے دونوں سیمی فائنلز کے اختتام کے بعد سوشل میڈیا پر پانچ سال پرانی ایک پوسٹ دوبارہ وائرل ہوگئی، جس میں نہ صرف فائنل میں پہنچنے والی دونوں ٹیموں کی پیشگوئی کی گئی تھی بلکہ ممکنہ فاتح کا دعویٰ بھی کیا گیا تھا۔

ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں اسپین نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرانس کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر فیصلہ کن معرکے میں جگہ بنائی،

جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے انگلینڈ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرا کر مسلسل دوسری مرتبہ فائنل میں رسائی حاصل کی۔

دونوں ٹیموں کے فائنل میں پہنچنے کے فوراً بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جولائی 2021 میں کی گئی ایک پوسٹ تیزی سے وائرل ہونے لگی، جس میں ایک صارف نے دعویٰ کیا تھا کہ فیفا ورلڈکپ 2026 کا فائنل ارجنٹائن اور اسپین کے درمیان کھیلا جائے گا۔

اس پرانی پوسٹ میں صرف فائنلسٹ ٹیموں کا ہی ذکر نہیں کیا گیا تھا بلکہ یہ بھی لکھا گیا تھا کہ ارجنٹائن سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسپین کو 2 کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دے کر عالمی ٹائٹل اپنے نام کرے گا۔

سیمی فائنلز کے نتائج سامنے آنے کے بعد صارفین نے اس پرانی پوسٹ کے اسکرین شاٹس شیئر کرنا شروع کر دیے، جس کے بعد یہ مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تیزی سے وائرل ہوگئی۔

کئی صارفین نے اسے حیران کن قرار دیا، جبکہ بعض نے اسے محض اتفاق یا اندازہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اصل فیصلہ تو فائنل کے میدان میں ہوگا۔

کھیلوں کے شائقین کی بڑی تعداد اس پیشگوئی پر تبصرے کر رہی ہے۔

کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ اگر فائنل کا نتیجہ بھی اسی پیشگوئی کے مطابق آیا تو یہ سوشل میڈیا کی تاریخ کی یادگار پیشگوئیوں میں شمار ہوگی، جبکہ دیگر کا مؤقف ہے کہ فٹبال میں آخری لمحے تک کچھ بھی یقینی نہیں ہوتا۔

دوسری جانب فٹبال ماہرین کا کہنا ہے کہ ارجنٹینا اور اسپین دونوں اس وقت شاندار فارم میں ہیں۔ ارجنٹینا اپنی عالمی چیمپئن شپ کا دفاع کرنے کے لیے پرعزم ہے، جبکہ اسپین کئی برس بعد دوبارہ عالمی اعزاز حاصل کرنے کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کی کوشش کرے گا۔

اب دنیا بھر کے کروڑوں فٹبال شائقین کی نظریں ورلڈکپ 2026 کے گرینڈ فائنل پر مرکوز ہیں،

جہاں صرف عالمی چیمپئن کا فیصلہ ہی نہیں ہوگا بلکہ یہ بھی معلوم ہو جائے گا کہ پانچ سال قبل سوشل میڈیا پر کی گئی یہ پیشگوئی حقیقت کا روپ دھارتی ہے یا نہیں۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!