
لندن میں قومی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں عشائیہ، محسن نقوی کی صحافیوں کے سوالات پر خاموشی
لندن میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں پاکستان ہاؤس میں عشائیے کا اہتمام کیا گیا، جس میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں، ٹیم انتظامیہ، اعلیٰ حکام اور برطانیہ میں پاکستانی کمیونٹی کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب میں میئر لندن صادق خان نے بھی قومی کھلاڑیوں سے ملاقات کی، جبکہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ٹیم کو دباؤ نظرانداز کرکے بہترین کارکردگی دکھانے کا مشورہ دیا۔
پاکستان ہاؤس لندن میں قومی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں منعقدہ عشائیے کی میزبانی برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے کی، جبکہ وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
عشائیے میں سابق پاکستانی بلے باز اور ’ایشین بریڈمین‘ کے نام سے مشہور ظہیر عباس بھی شریک ہوئے۔
تقریب میں اسلام آباد میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ، قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم، دیگر کھلاڑیوں، نئے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اور حال ہی میں اسکواڈ کا حصہ بننے والے عارفات منہاس سمیت ٹیم انتظامیہ نے شرکت کی۔
پاکستانی کمیونٹی نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا پرتپاک استقبال کیا۔
اس موقع پر کھلاڑیوں سے ملاقات اور یادگاری تصاویر بنانے کا سلسلہ بھی جاری رہا جبکہ کمیونٹی کی جانب سے قومی ٹیم کے لیے آنے والے میچز میں کامیابی کی نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے قومی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ پوری قوم کی نظریں ٹیم پر ہیں۔ انہوں نے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ دباؤ کو نظرانداز کرتے ہوئے اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں۔
میئر لندن صادق خان نے بھی تقریب میں شرکت کی اور پاکستانی کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے کپتان بابر اعظم اور قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلرز کی تعریف کرتے ہوئے ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دوسری جانب محسن نقوی کو تقریب کے دوران صحافیوں کے سوالات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ صحافیوں نے قومی کرکٹ ٹیم اور صدر آصف علی زرداری کے دورۂ برطانیہ سے متعلق سوالات کیے،
تاہم محسن نقوی نے تفصیلی گفتگو سے گریز کیا۔انہوں نے صحافیوں سے کہا کہ وہ صرف ملاقات کے لیے آئے ہیں اور سوالات کے جوابات نہیں دے سکتے کیونکہ انہیں دیر ہو رہی ہے۔
محسن نقوی نے چند صحافیوں سے مصافحہ کیا اور تصاویر بھی بنوائیں، تاہم کسی سوال کا جواب دیے بغیر روانہ ہوگئے۔



