Tag: بھارت

  • انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کا فائنل کل کھیلا جائے گا

    انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کا فائنل کل کھیلا جائے گا

    آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کا فائنل کل بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔

    آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ اختتامی مرحلے میں پہنچ چکا ہے۔ کل نیوزی لینڈ کے شہر ٹاورنگا میں بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان فائنل میچ کھیلا جائے گا ۔

    آسٹریلیا نے سیمی فائنل میں افغانستان جبکہ بھارت نے سیمی فائنل میں پاکستان کو یک طرفہ مقابلے میں شکست دی تھی۔

    بھارت نے اپنے پہلے گروپ میچ میں آسٹریلیا کو 100 رنز سے شکست دی تھی۔ بھارتی ٹیم نے مسلسل پانچ میچوں میں کامیابی حاصل کی ۔

    ماضی میں بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیمیں تین، تین بار ورلڈ کپ جیت چکی ہیں۔ اس بار پہلی مرتبہ کوئی ٹیم چار بار ورلڈ کپ جیتنے میں کامیاب ہو گی۔

    ایونٹ میں پاکستان ٹیم نے تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔ گروپ میں ٹاپ کرنے کی وجہ سے پاکستان ٹیم تیسری پوزیشن کی حقدار ٹھہری۔

  • جوہانسبرگ کی وکٹ غیرمعیاری قرار

    جوہانسبرگ کی وکٹ غیرمعیاری قرار

    جوہانسبرگ (سپورٹس لنک رپورٹ ) آئی سی سی نے بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان جوہانسبرگ ٹیسٹ کی پچ کو غیر معیاری قرار دے دیا۔ پانچ سال تک پابندی کی تلوار لٹکتی رہے گی۔ بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان جوہانسبرگ ٹیسٹ بلے بازوں کے لیے ڈرائونا خواب ثابت ہوا۔ کئی بیٹسمین خطرناک پچ پر کھیلتے ہوئے زخمی ہوگئے۔

    زمبابوے سے تعلق رکھنے والے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ پچ میں اچھال بہت زیادہ تھا جس سے بلے بازوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ آئی سی سی نے جوہانسبرگ کی پچ کو غیر معیاری قرار دیتے ہوئے تین ڈی میرٹ پوائنٹس دیئے۔ آئندہ پانچ سال میں مزید دو ڈی میرٹ پوائنٹس ملنے کی صورت میں پابندی عائد کر دی جائے گی۔

  • بھارت کیخلاف ون ڈے سیریز،جنوبی افریقہ کو ٹاپ پوزیشن کا چیلنج درپیش

    بھارت کیخلاف ون ڈے سیریز،جنوبی افریقہ کو ٹاپ پوزیشن کا چیلنج درپیش

    دبئی (سپورٹس لنک رپورٹ) جنوبی افریقہ کو بھارت کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سیریز میں عالمی درجہ بندی میں ٹاپ پوزیشن کے دفاع کا چیلنج درپیش ہو گا۔ جنوبی افریقہ اور بھارت کے درمیان ون ڈے سیریز کا آغاز   جمعرات سے ہو رہا ہے، اس وقت پروٹیز ٹیم 121 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ بھارتی ٹیم 119 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق جنوبی افریقہ اور بھارت کے درمیان شیڈول ون ڈے سیریز میں میزبان پروٹیز کو ٹاپ پوزیشن کے دفاع کا چیلنج درپیش ہو گا جبکہ بھارت کی نظریں پروٹیز سے ٹاپ پوزیشن چھیننے پر مرکوز ہوں گی، پروٹیز کو ٹاپ پوزیشن کے دفاع کیلئے کم از کم سیریز ڈرا کھیلنا ہو گی جبکہ بھارت کو عالمی بادشاہت قائم کرنے کیلئے 4-2 سے سیریز میں کامیابی درکار ہو گی۔ جنوبی افریقہ کے ہاتھوں 5-1 یا وائٹ واش کی صورت میں بھارتی ٹیم کو تنزلی کا سامنا کرنا پڑے گا اور اس کی جگہ انگلش ٹیم دوسری پوزیشن سنبھالے گی جو کہ 116 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے، نیوزی لینڈ چوتھے، آسٹریلیا پانچویں، پاکستان چھٹے، بنگلہ دیش ساتویں اور سری لنکا آٹھویں نمبر پر ہے۔

  • جنوبی افریقہ اور بھارت کا پہلا ون ڈے یکم فروری کو

    جنوبی افریقہ اور بھارت کا پہلا ون ڈے یکم فروری کو

    ڈربن(سپورٹس لنک رپورٹ)جنوبی افریقہ اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان چھ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز یکم فروری سے ہو گاشیڈول کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کا دوسرا میچ 4 فروری کو سینچورین، تیسرا میچ 7 فروری کو کیپ ٹاؤن، چوتھا میچ 10 فروری کو جوہانسبرگ، پانچواں میچ 13 فروری کو پورٹ الزبتھ جبکہ چھٹا اور آخری میچ 16 فروری کو سینچورین میں کھیلا جائے گا، اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کھیلی جائے گی۔ اس سے قبل کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز میں میزبان جنوبی افریقہ نے بھارت کو 2-1 سے شکست دی تھی۔

     

  • انڈر19ورلڈ کپ،پاکستان کو شکست،بھارت فائنل میں پہنچ گیا

    انڈر19ورلڈ کپ،پاکستان کو شکست،بھارت فائنل میں پہنچ گیا

    آئی سی سی انڈر۔19کرکٹ ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں بھارت پاکستان کو203رنز سے شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا، فائنل میں آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

    شوبمن گل کو ناقابل شکست سنچری پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

    کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں بھارتی کپتان پرتھوی شا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیااور منجوٹ کالراکے ساتھ مل کر 89رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا، پرتھوی شا 41رنز کی اننگز کھیل کر منجوٹ کا ساتھ چھوڑ گئے، کپتان کے آؤٹ ہونے کے بعد منجوٹ کالرا بھی زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے اور 47رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔

    شوبمن گل کا ساتھ دینے کے لئے ڈیسائی میدان میں اُترے اور دونوں بیٹسمینوں نے 54رنز جوڑ کر مجموعی اسکور 148رنز تک پہنچادیا، ڈیسائی 20رنز بناکرآؤٹ ہوگئے۔

    اس دورن شوبمن گل نےوکٹ کے چاروں طرف دلکش اسٹروکس کھیلتے ہوئے سنچری مکمل کی،وہ 102رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ انوکل رائے 33اور شووم ماوی 10رنز بناسکے ۔یوں بھارت کی ٹیم نے مقررہ پچاس اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر272رنز بنالئے۔

    پاکستان کی طرف سے محمد موسیٰ نے چاراور ارشد اقبال نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

    ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم کو ابتداء ہی سے مشکلات کا سامنا رہا ، صرف 10رنز پراوپنر محمد زاہد عالم 7رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، پاکستان کا کوئی بھی بیٹسمین بھارتی بولرز کا جم کر مقابلہ نہ کرسکا، ایک بعد ایک وکٹ گرنے کا ایسا سلسلہ شروع ہوا جس نے رکنے کا نام نہ لیا اور پوری ٹیم صرف 69 رنز پر بناسکی۔

    روحیل نذیر18، سعد خان 15اور محمد موسیٰ 11 کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین ڈبل فیگر میں اسکور نہ کر سکا۔

    ایشان پوریل نےصرف 17رنز کے عوض 4جبکہ شیوا سنگھ اور ریان پراگ نے دو، دوکھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

    ایونٹ کا فائنل 3فروری کو آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان بے اوول، ماؤنگانو میں کھیلا جائے گا۔

  • انڈر19ورلڈ کپ،سیمی فائنل میں پاکستان اور بھارت کا جوڑ منگل کو

    انڈر19ورلڈ کپ،سیمی فائنل میں پاکستان اور بھارت کا جوڑ منگل کو

    کرائسٹ چرچ(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فائنل  منگل کو کھیلا جائیگا میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات ڈھائی بجے جبکہ نیوزی لینڈ کے وقت کے مطابق صبح 10 بجے شروع ہوگا۔شیڈول کے مطابق پاکستان اور روایتی حریف بھارت کے درمیان آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فائنل منگل کو کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائیگا۔یاد رہے کہ دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 3 فروری کو کھیلا جائے گا۔

  • آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ،بھارت پہلی پوزیشن پر براجمان

    آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ،بھارت پہلی پوزیشن پر براجمان

    بھارت جوہانسبرگ میں کھیلے گئے آخری ٹیسیٹ میچ کے دلچسپ مقابلے میں جنوبی افریقہ کو شکشت دینے کے ساتھ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میں اپنی رینکنگ کو بھی بحال رکھنے میں کامیاب ہوگیا ہے۔

    آئی سی سی کی جانب سے جاری کی گئی رینکنگ میں بھارت 3 پوائنٹس کی کمی کے بعد اب 121 پوائنٹس کے ساتھ پہلے جبکہ جنوبی افریقہ 4 پوائنٹس کے اضافے سے 115 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے، نئی رینکنگ میں پاکستان 7ویں نمبر پر 88 پوائنٹس کے ساتھ موجود ہے۔

    جنوبی افریقہ کے خلاف کامیابی سے بھارت نے ایک جانب آئی سی سی چیئمپین ٹرافی اور ایک کروڑ روپے کا انعام اپنے نام کیا ہے وہیں اپنی شاندار کارکردگی سے مقررہ تاریخ 3 اپریل سے قبل ہی نئی رینکنگ میں اپنی جگہ بنا لی۔

    اس سے قبل بھارت نے محمد شامی کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت جنوبی افریقہ کو سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں 63 رنز سے شکست دی جبکہ جنوبی افریقہ نے سیریز 2-1 سے پہلے ہی نام کرلی تھی۔

    میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 241 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میچ کے چوتھے روز اپنی دوسری اننگز میں 177 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔

  • تیسرا اور آخری ٹیسٹ،بھارت نے جنوبی افریقہ کو شکست دیدی

    تیسرا اور آخری ٹیسٹ،بھارت نے جنوبی افریقہ کو شکست دیدی

    جوہانسبرگ(سپورٹس لنک رپورٹ)جوہانسبرگ میں ٹیسٹ کرکٹ میں عالمی نمبر ایک ٹیم انڈیا نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں 63 رنز سے کامیابی حاصل کر لی ہے۔

    جنوبی افریقہ کو سیریز میں پہلے ہی دو صفر سے برتری حاصل تھی۔

    جنوبی افریقہ کے جانب سے ڈین ایلگر اور ہاشم آملہ نے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے نصف سنچریاں سکور کیں لیکن باقی ساتھی بلے باز انتہائی دشوار پچ پر شاندار انڈین بولنگ کا سامنے کرنے سے قاصر رہے اور یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوتے چلے گئے۔

    انڈیا کے جانب سے محمد شامی نے پانچ اور اشانت شرما اور جسپریت بھمرا نے دو دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔

    کرکٹ

    وانڈررز کے میدان پر کھیلے جانے والا میچ اپنی خطرناک پچ کی وجہ سے کافی متنازع رہا جہاں پر دونوں ٹیموں کے بلے بازوں کو کئی دفعہ گیند لگی اور تیسرے روز کے آخری سیشن میں امپائروں کو میچ وقت سے قبل ختم کرنا پڑا۔

    میچ کے چوتھے روز جب کھیل شروع ہوا تو جنوبی افریقہ کو جیت حاصل کرنے کے لیے 241 رنز درکار تھے اور ان کی نو وکٹیں باقی تھیں۔

    کھانے کے وقفے تک ہاشم آملہ اور ڈین الگر نے بغیر کسی نقصان کے سکور 100 تک پہنچا دیا اور ایسا لگ رہا تھا کے جنوبی افریقہ شاید میچ جیت جائے لیکن اگلے سیشن میں جنوبی افریقہ کو پہلے ہاشم آملہ اور پھر اے بی ڈی ویلیئرز کا نقصان اٹھانا پڑا جس کے بعد انڈیا کا پلڑا پھر بھاری ہو گیا۔

    کرکٹ

    جنوبی افریقہ کی آخری نو وکٹیں صرف 53 رنز کے عوض گریں جس میں سے سات کھلاڑی دن کے آخری سیشن میں آؤٹ ہوئے۔

    واضح رہے کہ کیپ ٹاؤن میں کھیلے جانے والے پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے انڈیا کو 72 رنز سے شکست دی تھی۔

    جبکہ سنچورین میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں 135 رنز سے شکست دے کر تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں دو صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی تھی۔

    ٹیسٹ سیریز کے بعد اب دونوں ٹیموں کے مابین چھ ایک روزہ میچوں اور تین ٹی 20 میچوں کی سیریز بھی کھیلی جائے گی۔

    ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ یکم فروری کو ڈربن میں کھیلا جائے گا۔

  • خراب وکٹ کے باعث جنوبی افریقا اور بھارت کا میچ روک دیا گیا

    خراب وکٹ کے باعث جنوبی افریقا اور بھارت کا میچ روک دیا گیا

    جوہانسبرگ(سپورٹس لنک رپورٹ)جنوبی افریقا اور بھارت کے درمیان کھیلے جا رہے تیسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز کا کھیل وکٹ کے خراب ہونے کی وجہ سے وقت سے پہلے ختم کر دیا گیا۔

    بھارتی ٹیم ان دنوں جنوبی افریقا کے دورے پر ہے جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان جوہانسبرگ میں تیسرا ٹیسٹ کھیلا جا رہا ہے۔

    تیسرے ٹیسٹ کے لیے تیار کی گئی وکٹ ابتداء ہی سے خطرناک دکھائی دے رہی تھی اور کھیل کے تیسرے روز اب تک 31 کھلاڑی آؤٹ ہو چکے ہیں۔

    بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت پہلے خود کھیلنے کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 187 رنز ہی بنا پائی جب کہ جواب میں جنوبی افریقا کی ٹیم بھی پہلی اننگز میں 194 رنز سے آگے نہ بڑھ سکی۔

    بھارت نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو وکٹ میں توقعات سے زیادہ باؤنس نظر آنے لگا اور اننگز کے دوران متعدد بار گیند کھلاڑیوں کو بھی لگی تاہم خوش قسمتی سے کوئی بھی کھلاڑی غیرمعمولی زخ نہیں ہوا۔

    جنوبی افریقا نے بھارت کی جانب سے دیے گئے 241 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو میزبان ٹیم کو بھی خراب وکٹ کی وجہ سے اچانک سے اٹھنے والی خطرناک بالز کا سامنا کرنا پڑا۔

    جنوبی افریقا نے 8.3 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 17 رنز بنائے تھے کہ جسپریت بھمراہ کی گڈ لینتھ پر آتی بال اچانک سے ڈین ایلگر کے ہیلمٹ پر لگی جس کے باعث امپائر کو کچھ دیر کے لیے کھیل روکنا پڑا۔

    بعد ازاں میچ ریفری اینڈی پیکروفٹ نے آج کے دن کا کھیل ختم ہونے سے پہلے ہی میچ ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

    خیال رہے کہ جنوبی افریقا اور بھارت کے درمیان 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں میزبان پروٹیز کو 2 صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔

     

  • پاک بھارت ٹاکرے کیلئے میدان سج گیا،مگر کہاں؟تفصیلات اس رپورٹ میں

    پاک بھارت ٹاکرے کیلئے میدان سج گیا،مگر کہاں؟تفصیلات اس رپورٹ میں

    آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت آمنے سامنے ہوں گے۔

    کوئنز ٹاؤن میں کھیلے جانے والے آخری کوارٹر فائنل میں بھارت نے بنگلہ دیش کو 131 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

    بھارت کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم 50 اوور میں 265 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی جس کے جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم 43 ویں اوور میںصرف 134 رنز ہی بنا سکی۔ ایونٹ میں بھارت کی کامیابی کے ساتھ ہی سیمی فائنلز لائن اپ بھی مکمل ہو گئی ہے ۔

    پہلا سیمی فائنل 29 جنوری کو کھیلا جائے گا جس میں آسٹریلیا اور افغانستان کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گے جبکہ دوسرا سیمی فائنل30 جنوری کو کرائسٹ چرچ میں ہوگا جس میں روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان ٹاکرا ہوگا۔

    واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کا آٹھویں مرتبہ سیمی فائنل کھیل رہی ہے جس میں سے اس نے 5مرتبہ فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے ۔

error: Content is protected !!