آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی کھلاڑیوں کی تازہ ترین رینکنگ جاری کر دی

آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی کھلاڑیوں کی تازہ ترین رینکنگ جاری کر دی ہے۔
دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی پلیئرز کی تازہ ترین رینکنگ جاری کر دی، جس میں آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ بدستور بیٹرز کی فہرست میں سرفہرست ہیں، جبکہ بھارت کے یشوی جیسوال ایک درجہ ترقی پاکر نویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔
رینکنگ کے مطابق ویسٹ انڈیز کے شائے ہوپ نے بھی چار درجے بہتری کے بعد ٹاپ ٹین میں جگہ بناتے ہوئے دسویں پوزیشن سنبھال لی ہے جبکہ پاکستانی اوپنر فخر زمان نے بھی نمایاں پیش رفت کی ہے، وہ آٹھ درجے بہتری کے بعد اب 79ویں نمبر پر پہنچ چکے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان کے بابر اعظم ایک درجہ تنزلی کے بعد 13ویں نمبر پر آ گئے ہیں، جبکہ محمد رضوان بھی ایک درجہ نیچے سرک کر 14ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔ بنگلادیش کے تنزید حسن نے شاندار کارکردگی کے باعث 18 درجے ترقی حاصل کر کے 37ویں پوزیشن حاصل کی ہے۔
بولرز کی رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔ بنگلادیش کے مستفیض الرحمان 17 درجے چھلانگ لگا کر ٹاپ ٹین میں داخل ہوگئے اور اب وہ نویں نمبر پر موجود ہیں۔
بھارت کے ارشدیپ سنگھ ایک درجہ بہتری کے بعد دسویں اور مہدی حسن 9 درجے ترقی کے ساتھ 16ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ پاکستان کے نوجوان اسپنر ابرار احمد نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی بولرز کی رینکنگ میں 12 درجے ترقی حاصل کی اور اب وہ 49ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔
آل راؤنڈرز کی فہرست میں بھارت کے ہاردک پانڈیا بدستور پہلی پوزیشن پر قابض ہیں، جبکہ ویسٹ انڈیز کے روسٹن چیز نے 7 درجے ترقی کے بعد دوسری پوزیشن پر جگہ بنا لی ہے۔
آئی سی سی کے مطابق کھلاڑیوں کی رینکنگ میں یہ تبدیلی حالیہ سیریز میں کارکردگی کی بنیاد پر کی گئی ہے اور آئندہ میچز میں مزید ردوبدل متوقع ہے۔



