آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کی انعامی رقم کا اعلان

آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کی انعامی رقم کا اعلان
دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویمنز کرکٹ کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے عزم کے ساتھ ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے تاریخ کی سب سے بڑی انعامی رقم کا اعلان کیا ہے۔
اس بار مجموعی انعامی رقم 13.88 ملین ڈالر مقرر کی گئی ہے جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 3 ارب 92 کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے۔ یہ اضافہ 2022ء کے ایڈیشن کے مقابلے میں حیران کن 297 فیصد زیادہ ہے، جب محض 3.5 ملین ڈالر انعامی رقم رکھی گئی تھی۔
تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کو 4.48 ملین ڈالر یعنی ایک ارب 26 کروڑ روپے سے زائد کی خطیر رقم دی جائے گی جب کہ رنر اپ ٹیم کو 2.24 ملین ڈالر، جو کہ تقریباً 63 کروڑ روپے بنتے ہیں، انعام میں دیے جائیں گے۔ سیمی فائنل کھیلنے والی ٹیموں کے حصے میں بھی بڑی رقم آئے گی اور انہیں فی کس 1.12 ملین ڈالر ملیں گے۔
پانچویں اور چھٹی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کو فی کس 7 لاکھ ڈالر ملیں گے جب کہ ساتویں اور آٹھویں نمبر پر رہنے والی ٹیموں کے لیے 2 لاکھ 80 ہزار ڈالر انعام رکھا گیا ہے۔ یہ انعامی رقم اس بات کی واضح عکاسی کرتا ہے کہ ویمنز کرکٹ کو اب مردوں کے کھیل کے برابر لانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ اتنی بڑی انعامی رقم سے نہ صرف کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھے گا بلکہ کھیل کی مقبولیت بھی عالمی سطح پر تیزی سے بڑھے گی۔ بالخصوص ترقی پذیر ممالک کی خواتین کھلاڑیوں کو مالی استحکام ملنے کے ساتھ مزید مواقع بھی میسر آئیں گے۔
یہ مقابلے بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں 30 ستمبر سے شروع ہوں گے۔ 8 ٹیموں پر مشتمل اس ٹورنامنٹ پر دنیا بھر کے شائقین کی نظریں جمی ہوئی ہیں اور توقع ہے کہ یہ ورلڈ کپ ویمنز کرکٹ کے نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا۔



