کرکٹ

جنوبی افریقی نوجوان میتھیو بریٹزکی نے ون ڈے کرکٹ میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا

جنوبی افریقی نوجوان میتھیو بریٹزکی نے ون ڈے کرکٹ میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا

جوہانسبرگ: جنوبی افریقی نوجوان بیٹر میتھیو بریٹزکی نے ون ڈے کرکٹ میں ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے اور وہ اپنے ڈیبیو کے بعد مسلسل پانچ میچوں میں نصف سنچری یا اس سے زائد رنز بنانے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

جمعرات کو لارڈز کے تاریخی میدان میں انگلینڈ کے خلاف کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میں بریٹزکی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 85 رنز کی اننگز کھیلی۔ یہ ان کے کیریئر کی مسلسل پانچویں نصف سنچری تھی، جس کے ساتھ ہی انہوں نے عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

اس سے قبل کوئی بھی بیٹر ون ڈے ڈیبیو کے بعد ابتدائی پانچوں میچز میں پچاس یا اس سے زائد رنز بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکا تھا۔

بریٹزکی نے رواں سال فروری میں نیوزی لینڈ کے خلاف اپنے ون ڈے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور پہلے ہی میچ میں شاندار 150 رنز کی اننگز کھیل کر سب کو متاثر کیا۔ اس کے بعد انہوں نے اپنے اگلے چاروں میچز میں بھی ففٹی پلس اسکور کرتے ہوئے نئی تاریخ رقم کی۔

میتھیو بریٹزکی اب تک اپنے ابتدائی پانچ ون ڈے میچز میں ایک سنچری اور چار نصف سنچریوں کی مدد سے مجموعی طور پر 463 رنز بنا چکے ہیں، وہ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کے وہ پہلے بیٹر بھی ہیں جنہوں نے اپنے ابتدائی چاروں میچز میں پچاس یا اس سے زائد رنز اسکور کیے۔

ماہرین کرکٹ کا کہنا ہے کہ نوجوان بیٹر نے جس تسلسل اور پختگی کے ساتھ آغاز کیا ہے، وہ نہ صرف جنوبی افریقی بیٹنگ لائن کے لیے نیک شگون ہے بلکہ عالمی کرکٹ میں بھی ایک نئے ابھرتے ہوئے اسٹار کی جھلک دکھا رہا ہے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!