عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم پشاور پاکستان سپر لیگ کے میچوں کی میزبانی کیلئے تیار

عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم پشاور پاکستان سپر لیگ کے میچوں کی میزبانی کیلئے تیار
پشاور (سپورٹس لنک رپورٹ) عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم پشاور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچوں کی میزبانی کے لیے مکمل طور پر تیار ہوگیا ہے، جو پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک تاریخی موقع قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ اہم سنگ میل پورے خیبرپختونخوا کے عوام اور شائقینِ کرکٹ کے لیے خوش آئند پیش رفت ہے۔ صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے اس منصوبے کی تکمیل سابق صوبائی وزیر کھیل و امورِ نوجوانان سید فخر جہان کے دورِ وزارت میں ان کی انتھک محنت اور مؤثر اقدامات کا نتیجہ ہے۔
اسٹیڈیم کی تکمیل کے بعد اب پشاور کے کرکٹ شائقین کو اپنے پسندیدہ قومی و بین الاقوامی کھلاڑیوں کو اپنے ہی شہر میں کھیلتا دیکھنے کا موقع ملے گا۔
محکمہ کھیل خیبرپختونخوا کے مطابق، اسٹیڈیم کے تمام انتظامات بین الاقوامی معیار کے مطابق مکمل کر لیے گئے ہیں اور جلد ہی پی ایس ایل کے شیڈول میں پشاور کو باضابطہ طور پر شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
یہ پیش رفت نہ صرف صوبے میں کرکٹ کے فروغ بلکہ مقامی معیشت اور سیاحت کے لیے بھی خوش آئند ثابت ہوگی۔
خیبر پختونخوا میں شائقین کرکٹ کی طویل انتظار کے بعد صوبہ میں دو دہائی بعد کرکٹ واپسی کی امکانات روشن ہوگئے۔ پاکستان سپر لیگ (PSL) کے آئندہ سیزن 2026 کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) نے ابتدائی طور پر جن شہروں کو میزبانی کے لیے منتخب کیا ہے،
ان میں پشاور کا نام بھی شامل کر لیا گیا ہے۔ یہ پیشرفت خیبر پختونخوا میں انٹرنیشنل اور فرنچائز کرکٹ کی بحالی کی سمت ایک بڑا قدم قرار دی جا رہی ہے۔ذرائع کے مطابق ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم میزبانی کے لئے تیار ہے،
چند ماہ قبل پی سی بی کی ماہر ٹیم نے اسٹیڈیم کا معائنہ دورہ بھی کیا جسکے بعد پشاور کو میزبانی دینے کے امکانات پیدا ہوگئے تھے
پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ 2026 کے سیزن میں لیگ کا دائرہ مزید شہروں تک بڑھایا جا رہا ہے تاکہ شائقین کو اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو اپنے شہروں میں کھیلتے دیکھنے کا موقع ملے۔
لاہور، کراچی، ملتان، راولپنڈی اور فیصل آباد کے ساتھ ساتھ پشاور کو بھی میزبانی کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔
پشاور زلمی کے مداحوں نے اس خبر پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ لمحہ خیبر پختونخوا کے کرکٹ شائقین کے لیے تاریخی حیثیت رکھتا ہے۔ زلمی انتظامیہ نے بھی امید ظاہر کی ہے کہ اگر میچز پشاور میں کھیلے گئے تو شائقین کا جوش و خروش ایک نئی تاریخ رقم کرے گا
یادرھے کہ پشاور کے اس سٹیڈیم پر 2006 میں آخری بین الاقوامی میچ کھیلا گیا تھا۔ اس کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اسے مطلوبہ معیار کی اہلیت پر پورا نہ اترنےکی وجہ سے یہاں میچز پر پابندی عائد کر دی۔
2017 میں پی ٹی آئی کے خیبرپختونخوا حکومت نے اس کی تعمیر کا فیصلہ کیا تو اہلیانِ پشاور کو کچھ عرصے میں اپنے شہر میں کھیل کی رونقیں بحال ہوتیں نظر آئیں۔



