لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے8 میچز کے کامیاب انعقاد پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے راولپنڈی اور اسلام آباد سے تعلق رکھنے والےمداحوں ، مقامی انتظامیہ اور سیکورٹی ایجنسیوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔
اس موقع پر پی سی بی نے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کےگراؤنڈ اسٹاف کو احسن انداز میں اپنی ذمہ داریاں نبھانے پرخراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں لیگ کی آٹھویں ٹیم قرار دیا ہے۔
17ہزار افراد کی گنجائش کے حامل اسٹیڈیم کے دوران کھیلے گئے آٹھ میچز میں کُل ایک لاکھ سے زائد تماشائی موجود تھے۔ اگر ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے دیگر وینیوز پر نظر دوڑائی جائےتو ملتان نے تین میچوں میں 80ہزار تماشائیوں کی میزبانی کی تھی جبکہ دوسری لیگ کے دوران قذافی اسٹیڈیم لاہور میں بھی شائقینِ کرکٹ کاٹرن آؤٹ 80 فیصد رہا۔ کراچی میں کھیلے گئے ابتدائی چار میچوں میں نیشنل اسٹیڈیم 90 فیصد شائقینِ کرکٹ سے بھرا ہوا تھا۔
سلمان نصیر، چیف آپریٹنگ آفیسر:
چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے میچز دیکھنے کے لیے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کا رخ کرنے پر پی سی بی جڑواں شہروں، راولپنڈی اور اسلام آباد، کے مداحوں کا مشکور ہے۔
انہوں نے کہاکہ کرکٹ، پاکستانی عوام کا پسندیدہ کھیل ہے اور اس تناظر میں مداحوں کی اسٹیڈیم آمد پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے خوشی کا باعث ہے۔
سلمان نصیر نے کہاکہ شائقینِ کرکٹ کی اسٹیڈیم آمد سے جہاں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے تو وہیں میڈیا کوریج کے ذریعے دنیا بھر میں پاکستان کی ثقافت اور روایات کا مثبت پہلوبھی اجاگر ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ لیگ کے دوران چند میچوں میں موسم کھیل کے لیے سازگار نہیں تھاتاہم اس کے باوجود کرکٹ کے مداحوں نے حوصلے اور صبر سے کام لیا۔
چیف آپریٹنگ آفیسر نےگراؤنڈ اسٹاف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ لیگ میں شامل چھ ٹیموں اور میچ آفیشلز کے بعد گراؤنڈ اسٹاف اس ٹورنامنٹ کی آٹھویں ٹیم ہے۔ انہوں نےکہاکہ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کے گراؤنڈ اسٹاف اصل ہیروزہیں، ان کی انتھک محنت کے سبب بارش کے باوجود بھی لیگ کے میچز کا انعقاد ممکن بنایا جاسکا۔
سلمان نصیر نے کہاکہ قذافی اسٹیڈیم لاہور اور نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں بھی اتنا ہی محنتی گراؤنڈ اسٹاف موجود ہے اور ایسے عملےکی موجودگی پی سی بی کی کامیابی کا بڑا سبب ہے۔
سلمان نصیر نے کہاکہ وہ پی سی بی کی جانب سے مقامی انتظامیہ، صوبائی حکومتوں اور سیکورٹی ایجنسیوں کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ان کےتعاون کے بغیرپی سی بی کے لیے اتنا بڑا ایونٹ منعقد کروانا ممکن نہ تھا۔
چیف آپریٹنگ آفیسر نے کہاکہ خوش قسمتی کے ساتھ پی سی بی کاتمام حکومتی اداروں کے ساتھ مثبت اور مضبوظ رشتہ ہے جو اس شاندار ایونٹ کے کامیاب انعقاد کی عکاسی کرتا ہے۔