کرکٹ کے نگراں عالمی ادارے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے سری لنکن کرکٹ کی معطلی ختم کر دی۔
آئی سی سی نے فوری طور پر سری لنکن کرکٹ کی معطلی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سری لنکن کرکٹ نے آئی سی سی کو حکومتی مداخلت نہ ہونے کی یقین دہانی کروائی ہے۔
صورتحال کا جائزہ لینے پر سری لنکن کرکٹ سے پابندی ہٹانےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نومبر میں بطور ممبر آئی سی سی قوانین کی خلاف ورزی پرسری لنکن کرکٹ کو معطل کیاگیا۔
سری لنکا کرکٹ (SLC) کو ICC نے بطور ممبر اپنی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی یعنی اپنے معاملات کو خود مختار اور حکومتی مداخلت کے بغیر چلانے میں ناکامی پر معطل کیا تھا۔
بورڈ میٹنگ کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ سری لنکا دو طرفہ کرکٹ اور آئی سی سی ایونٹس دونوں میں بین الاقوامی سطح پر مقابلہ جاری رکھ سکتا ہے تاہم ایس ایل سی کو دی جانے والی فنڈنگ آئی سی سی کے کنٹرول میں ہوگی اور اس کے نتیجے میں انڈر 19 ایونٹ اسی ملک میں منتقل کردیا گیا ہے جس کی میزبانی کی گئی تھی۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ سری لنکا کے وزیر کھیل نے ورلڈکپ میں ٹیم کی جانب سے انتہائی ناقص کارکردگی پر پورے کرکٹ بورڈ کو ہی فارغ کر دیا تھا جس کے بعد بورڈ کے صدر نے عدالت سے رجوع کیا ۔
عدالت نے کرکٹ بورڈ کے صدر کی درخواست کو سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے کرکٹ بورڈ کو 2 ہفتوں کیلئے بحال کر دیا تھا تاہم حکومتی دخل اندازی کے باعث آئی سی سی نے سری لنکن کرکٹ بورڈ کے خلاف سخت ترین اقدام اٹھاتے ہوئے رکنیت معطل کی ۔