شہیدبے نظیر بھٹو آئی ٹی ایف فیوچرز انٹرنیشنل ٹینس ٹورنامنٹ 16 دسمبر سے اسلام آباد ٹینس کورٹ، اسلام آباد میں شروع ہوگا۔ گذشتہ روز ٹورنامنٹ کے سرپرست اعلیٰ سینیٹر تاج حیدر نے سینیٹر فرحت اللہ بابر اور فضل سبحان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ٹورنامنٹ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، مین رائونڈ 18 دسمبر سے شروع ہوگا اور بلاول بھٹو زرداری ٹورنامنٹ کا افتتاح کریں گے جبکہ 24 دسمبر کو ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب ہوگی جس کی مہمان خصوصی آصفہ بھٹو زرداری ہونگی، ٹورنامنٹ میں 15 ہزار ڈالر کی انعامی رقم رکھی گئی ہے، اس سے قبل دو ٹورنامنٹس کا کامیاب انعقاد ہو چکا ہے، اس انٹرنیشنل ٹورنامنٹ میں بارہ ممالک کے 24 غیر ملکی کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیںگے، سندھ حکومت نے 35 لاکھ روپے کے فنڈ ز ٹورنامنٹ کے لئے مختص کئے ہیں اور پاکستان میں اس سطح کا ٹورنامنٹ اپنی نوعیت کا اہم ٹورنامنٹ ہوگا۔ اس موقع پر سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ کی اپنی اہمیت ہے اور پاکستان میں امن کو فروغ دینے کے لئے انٹرنیشنل سپورٹس اور ثقافتی مقابلے ہو رہے ہیں،محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے دہشت گردی کے خلاف اپنی جان دی، انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو شہید کے نام سے ٹورنامنٹ کا انعقاد اہم ثابت ہوگا اور ٹینس ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد سے دنیا کو ایک واضح پیغام جائے گا،انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل سپورٹس فورم کے ذریعے بھی مسائل حل کئے جا سکتے ہیں اور بے نظیر شہید بھٹو کا مشن جار ی رکھیں گے۔
Author: newseditor
-

فاطمہ جناح ویمن ینیورسٹی میں پہلے خواتین سکوائش کورٹ کا سنگ بنیاد
فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی میں پہلے خواتین سکوائش کورٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔ چیئرمین سٹیرنگ کمیٹی محمد حنیف عباسی نے سنگ بنیاد رکھا۔ضلع راولپنڈی میں پراجیکٹ مینیجمینٹ یونٹ سپورٹس بورڈپنجاب کی زیرنگرانی پنجاب میں پہلے خواتین سکوائش کی ترقی و فروغ کا باعث بنے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ثمینہ امین قادر نے حکومت پنجاب سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ سکوائش کورٹ فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کی طا لبات کیلئے بہت بڑا تحفہ ہے۔ فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کی طالبات تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل کے میدان میں بھی بہت آگے ہیں،کھیل طالب علم کی زندگی کا لازمی حصہ ہے اور جسمانی ورزش اور کھیل نوجوان نسل کو ذہین اورصحت مند بنانے کیلئے بہت اہمیت کی حامل ہے۔ محمد حنیف عباسی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ سکوائش کورٹ 28 فروری 2018ء میں تعمیر ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت طالبات کوہمیشہ جدید سہولیات فراہم کرتی رہی ہے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سکوائش کورٹ صرف فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کی طا لبات تک محدود نہیں بلکہ پورے ملک کی خواتین سمر کیمپ میں اس سے فائدہ اٹھا سکیں گی۔ تقریب میں چیئر پرسن سپورٹس کمیٹی ڈاکٹر بشرہ عنایت راجہ، رجسٹرار، سٹاف، فیکیلٹی اور طا لبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
-

قائد اعظم یوتھ گیمز:خیبرپختونخواکی ٹیموں کے انتخاب کا سلسلہ جاری
قائد اعظم یوتھ گیمزکیلئے خیبرپختونخوامیں مختلف کھیلوں کی ٹیموں کے انتخاب سے متعلق تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے ،اس سلسلے میں ٹیبل ٹینس مرد ٹیم کے ٹرائلزسوات ،خواتین ٹرائلز پشاور میں ہونگے ، اسی طرح بیڈمنٹن،کراٹے،تائیکوانڈو،فٹ بال و دیگر کھیلوں کی ٹیموں کا چناؤ ہوگا جبکہ نیٹ بال ٹرائلزمکمل ہوگئے ،خواتین کاتربیتی کیمپ سوات ،مرد وں کا ٹریننگ سیشن پشاور میں 15دسمبر سے لگے گا،پاکستان سپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام گزشتہ سال کی طرح امسال بھی اسلام آباد سپورٹس کمپلیکس میں قائداعظم یوتھ گیمز 25دسمبر سے منعقد کرانے کا حتمی فیصلہ کرلیاہے، جسکے بعد ملک بھر کی خیبر پختونخوامیں بھی صوبائی سپورٹس ڈائریکٹریٹ کے حکام نے مقامی ایسوسی ایشنز کی نگرانی میں بیڈمنٹن،ٹیبل ٹینس،فٹ بال ،بیس بال،آچری ،ہاکی،تائیکوانڈو،جوڈواور نیٹ بال سمیت مختلف کھیلوں کی مردوخواتین ٹیموں کی سلیکشن کیلئے ٹرائلز کا آغاز ہوگیاہے،اس سلسلے میں صوبائی نیٹ بال ایسوسی ایشن کی سیکرٹری نادیہ چمکنی کے مطابق قائداعظم یوتھ گیمز کیلئے نیٹ بال کے کھلاڑیوں کاچناؤ کا عمل مکمل ہوگیاہے ،مرد وں کے ٹیم میں فیضان اﷲ ،جنید اکرام،اعتزازاﷲ،شاہ سعود،عبدالوہاب،رضوان اﷲ ،فیصل بختیار،سید نفیس ،احسان اﷲ،محمد علی،عفان اﷲ اور کلیم اور آفیشلزمیں اویداﷲ اور غنی الرحمن شامل ہیں،جبکہ خواتین کی ٹیم فرزانہ،توحیدہ،ثناء،مدیحہ،مریم،کائنات،سمیعہ،حرا،عائشہ عرفان ،راحیلہ،ریشم،مدینہ پر مشتمل ہوگا آفیشلزمیں فرحان اﷲ اورمسزعصمت ٹیم کے ہمراہ جائینگے،انہوں نے کہاکہ خواتین کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ سوات جبکہ مرد کھلاڑیوں کا ٹریننگ سیشن پشاور کے تعلیمی بورڈ جمنازیم میں15دسمبر سے شروع ہوگا،اسی طرح صوبائی ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری کفایت اﷲ کا کہناہے کہ ٹیم کے انتخاب کیلئے خواتین کھلاڑیوں کے ٹرائلز پشاور اور خواتین کے ٹرائلز سوات میں لئے جائینگے،قائد اعظم گیمز کیلئے بیڈمنٹن کی ٹیموں کے چناؤپشاور میں عنقریب منعقد ہونیوالے ٹورنامنٹ کے دوران کیاجائیگااور اسکے ساتھ ہی مختلف ایسوسی ایشنز نے بھی ٹیموں کے سلیکشن کیلئے پلان ترتیب دیدیاگیاہے تاکہ قائد اعظم یوتھ گیمز کیلئے بہترین ٹیمیں تشکیل دیکر چمپئن ٹرافی انکے حصے میں آسکے ۔
-

قائد اعظم ٹرافی سپر ایٹ مرحلے کے آخری چار میچ آج شروع ہوں گے
قائد اعظم ٹرافی سپر ایٹ مرحلے کے آخری چار میچ آج جمعہ کو شروع ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ اختتامی مرحلے میں داخل ہوگیا ہے، سپر ایٹ مرحلے کے آخری چار میچز آج مختلف مقامات پر شروع ہوں گے۔ حبیب بنک اور لاہور وائٹس کی ٹیمیں سٹیٹ بنک سپورٹس کمپلیکس، کراچی میں مدمقابل ہوں گی۔ سوئی نادرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ اور لاہور بلیوز کے مابین میچ نیاز سٹیڈیم، حیدر آباد میں آمنے سامنے ہوں گی۔ سوئی سدرن گیس کارپوریشن اور واپڈا کے درمیان میچ سٹیٹ بنک سپورٹس کمپلیکس، کراچی جبکہ یو بی ایل اور کے آر ایل کے درمیان میچ یو بی ایل سپورٹس کمپلیکس، کراچی میں شروع ہوگا۔ دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان ٹورنامنٹ کا فائنل 21 سے 25 دسمبر تک کھیلا جائے گا۔
-

جنوبی افریقہ اور زمبابوے پہلے چار روزہ ٹیسٹ کیلئے تیار
زمبابوے اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلی مرتبہ کھیلے جانے والے چار روزہ ٹیسٹ کے دوران ایک دن میں 98 اوورز کرائے جائیں گے۔ آئی سی سی کے مطابق پورے میچ کے دوران 392 اوورز کرانا لازمی ہوں گے۔ کھیل کے دورانیہ میں آدھے گھنٹے کا بھی اضافہ کیا جائے گا جس کے سبب یومیہ ساڑھے چھ گھنٹے کا کھیل ممکن ہوگا۔ دونوں ممالک کے درمیان باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے دوران فیلڈنگ سائیڈ کیلئے ضروری ہوگا کہ وہ پانچ روزہ ٹیسٹ میچوں کے مقابلے میں آٹھ اوورز زائد پھینکے۔ واضح رہے کہ پانچ روزہ ٹیسٹ کے دوران فالوآن کیلئے 200 رنز کا فرق لازمی ہوتا ہے لیکن چار روزہ ٹیسٹ کے دوران 150 رنز کا فرق ہی فالوآن کیلئے کافی ہوگا۔
-

کیوی اوپنر مارٹن گپٹل زخمی
نیوزی لینڈ کی سلیکشن کمیٹی نے ویسٹ انڈیز کیخلاف شیڈول ہوم ون ڈے سیریز کیلئے اسکواڈ کا اعلان کردیا،کپتان کین ولیمسن اور راس ٹیلر پہلا ون ڈے کھیلنے کے بعد دو میچوں میں آرام کریں گے اور قیادت ٹام لیتھم کو مل جائے گی۔ کیوی اوپننگ بیٹسمین مارٹن گپٹل انجری کے باعث سیریز سے باہر ہو گئے جن کی جگہ جارج ورکر اننگز کا آغاز کریں گے۔ کیو سلیکشن کمیٹی کی جانب سے اعلان کردہ اسکواڈ کپتان کین ولیمسن، ٹم سائوتھی، ٹوڈ ایسٹل، ٹرینٹ بولٹ، کالن ڈی گرینڈ ہوم، لوکی فرگوسن xx1toto ، میٹ ہنری، ٹام لیتھم، ایڈم ملنے، کالن منرو، ہنری نکولس، راس ٹیلر اور جارج ورکر پر مشتمل ہے۔ واضح رہے کہ نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ون ڈے سیریز کا آغاز 20 دسمبر سے ہو گا۔
-

دوسرا ون ڈے،بھارت نے سری لنکا کو کچل دیا
روہیت شرما کی تیسری ون ڈے ڈبل سنچری کے سہارے بھارت نے سری لنکن ٹیم کو کچل کر پہلے میچ کی شکست کا بدلہ لے لیا،بھارتی کپتان نے ناقابل شکست 208 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو چار وکٹوں پر 392 رنز تک پہنچایا،آئی لینڈر بیٹسمین اینجلو میتھیوز کی تھری فیگر اننگز رائیگاں چلی گئی جب آٹھ وکٹوں پر 251 رنز بنانے والی سری لنکن ٹیم 141 رنز کی ناکامی سے دوچار ہوئی اور تین میچوں کی سیریز بھی ایک،ایک سے برابر ہو گئی۔ سیریز کے دوسرے معرکے میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈ میں اترنا سری لنکا کیلئے عذاب بن گیا جب روہیت شرما اور شیکھر دھون نے ابتدائی 21 اوورز میں 115 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو فلائنگ اسٹارٹ فراہم کردیا۔ اگرچہ شیکھر دھون نو چوکوں سمیت 68 رنز بنا کر میدان چھوڑ گئے لیکن 65 بالز پر ففٹی اور 115 گیندوں پر سنچری مکمل کرنے والے مرد میدان روہیت شرما نے شیریاس ایئر کے ساتھ بھی ڈبل سنچری رفاقت قائم کر کے سری لنکا کو میچ سے کم و بیش آؤٹ کر ڈالا۔ شیریاس ایئر نے 88 رنز کی باری کو نو چوکوں اور دو چھکوں سے سجایا لیکن روہیت شرما نے اننگز کے اختتامی اوورز میں محض 27 بالز پر گیارہ چھکوں اور تین چوکوں سمیت 92 رنز لوٹ کر 151 بالز پر اپنی تیسری ون ڈے ڈبل سنچری مکمل کرلی۔ بھارت نے چار وکٹوں پر 392 رنز بنائے تو روہیت شرما بیٹ کیری کے ساتھ 208 رنز میں 13 چوکے اور 12 چھکے لگا چکے تھے۔ مہندر دھونی سات اور ہردیک پانڈیا آٹھ رنز ہی بنا سکے۔ تھیسارا پریرا نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں سری لنکن ٹیم دنوشکا گوناتھیلاکا 16 اور لہیرو تھریمانے21 سے محرومی کے بعد 62 رنز پر تین وکٹیں کھو بیٹھی تھی تو اینجلو میتھیوز نے 22 رنز بنانے والے نروشن ڈکویلا کے ساتھ اسکور 115 اور پھر 34 رنز اسکور کرنے والے اسیلا گنارتنے کے ساتھ 159 تک پہنچایا لیکن آٹھ وکٹوں پر 251 رنز ہی بنائے جا سکے اور اینجلو میتھیوز کے نو چوکوں اور تین چھکوں سمیت ناقابل شکست 111 رنز رائیگاں چلے گئے۔ بھارت کی جانب سے یزویندر چاہل نے تین اور جسپریت بمراہ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
-

ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ،اظہربدستور8ویں پوزیشن پر
آسٹریلوی قائد سٹیون سمتھ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی تازہ ترین ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ میں بلے بازوں میں بدستور سرفہرست ہیں، کالی آندھی کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں سنچری بنانے والے روز ٹیلر 3 درجے ترقی پا کر دوبارہ ٹاپ ٹین میں شامل ہو گئے جبکہ ڈین ایلگر تنزلی کے بعد ٹاپ ٹین سے باہر ہو گئے ، اظہر علی کا 8واں نمبر برقرار ہے ۔ آئی سی سی نے نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرا ٹیسٹ ختم ہونے کے بعد تازہ ترین پلیئرز رینکنگ جاری کر دی جس کے تحت بلے بازوں کی پہلی نو پوزیشنز میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، سمتھ پہلے ، کوہلی دوسرے ، روٹ تیسرے ، پوجارا چوتھے ، ولیمسن پانچویں، وارنر چھٹے ، آملا ساتویں اور اظہر علی آٹھویں نمبر پر موجود ہیں، روز ٹیلر 3 درجے ترقی پا کر دوبارہ ٹاپ ٹین میں شامل ہو گئے ، ڈین ایلگر تنزلی کے بعد ٹاپ ٹین سے باہر ہو گئے ، جیت راول 4 درجے ترقی پا کر 30 ویں نمبر پر آ گئے، باؤلرز میں اینڈرسن سرفہرست ہیں، ربادا دوسرے ، جدیجہ تیسرے ، ایشون چوتھے ، ہیراتھ پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔ آل راؤنڈرز میں شکیب الحسن بدستور سرفہرست ہیں، سری لنکا کے دلروان پریرا ترقی پا کر ٹاپ ٹین کی فہرست میں شامل ہو گئے جبکہ انگلینڈ کے کرس ووکس باہر ہو گئے ۔
-

ایشز سیریز: تیسرا کرکٹ ٹیسٹ آج سے پرتھ میں شروع ہوگا
انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ایشز سیریز کا تیسرا کرکٹ ٹیسٹ آج سے پرتھ میں شروع ہوگا، پانچ میچز کی سیریز میں آسٹریلیا کو دو صفر کی برتری حاصل ہے ۔ پرتھ ٹیسٹ کے لئے آسٹریلیا اور انگلینڈ کے کھلاڑیوں نے تیاریوں کو آخری شکل دے دی ہے ۔سیریز میں دو صفر کی برتری رکھنے والی آسٹریلین ٹیم کو صرف ایک جیت ایشز ٹرافی کا حقدار بنادے گی ۔آسٹریلین کپتان سیٹو ن سمتھ پر امید ہیں کہ ان کی ٹیم جیت کے اس سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے پرتھ ٹیسٹ بھی اپنے نام کرلے گی۔دوسری جانب انگلش کیمپ سیریز میں دو صفر سے ڈاؤن ہونے کے سبب کچھ پریشان ہے مگر ساتھ ہی پر عزم بھی ہے ۔انگلینڈ کو سیریز میں رہنا ہے تو یہ میچ جیتنا ہے ، کپتان جو روٹ نے کھلاڑیوں پر زور دیا ہے کہ وہ گزشتہ میچز کی خراب پرفارمنس بھلا کر اس ٹیسٹ پر فوکس کریں۔میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے سات بجے شروع ہوگا۔
-

نسلی امتیاز کا مظاہرہ،کولمبین فٹبالر پر پابندی
فیفا نے کولمبین مڈفیلڈر ایڈوین کارڈونا کو پانچ میچوں کیلئے معطل کردیا جنہوں نے گزشتہ ماہ نسلی امتیاز کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی کوریا کے کھلاڑیوں کی آنکھوں کا مذاق بنایا تھا۔ فیفا کی انضباطی کمیٹی کے مطابق ایڈوین کارڈونا نے دس نومبر کو جنوبی کوریا کیخلاف شکست کے بعد نازیبا حرکت کی تھی ، ایڈوین سٹیڈیم میں داخلے کی پابندی کے ساتھ بیس ہزار سوئس فرانکس جرمانہ بھی ادا کریں گے۔ کولمبیا کی نمائندہ ٹیم کے آئندہ فرینڈلی میچوں کے دوران کارڈونا پر پابندی کا نفاذ ہوگا۔
