Tag: محمد عرفان

  • شاہین آفریدی کی بہترین بائولنگ،5وکٹیں حاصل کرلیں

    شاہین آفریدی کی بہترین بائولنگ،5وکٹیں حاصل کرلیں


    دبئی:(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سپر لیگ کے بیسویں میچ میں شاہین آفریدی کی تباہ کن بولنگ کے باعث ملتان سلطانز کی پوری ٹیم 114 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔شاہین آفریدی نے اپنے دوسرے اوور میں شعیب ملک، وائٹلے اور سیف بدر کو آؤٹ کیا تاہم وہ اپنی ہیٹ ٹرک مکمل نہ کر سکے۔ننگز کے آخری اوور میں شاہین آفریدی نے تیسری گیند پر پہلے جنید خان کو ایل بی ڈبلیو کیا اور پھر اگلی ہی گیند پر محمد عرفان کو بھی کلین بولڈ کر کے میچ میں 5 وکٹیں بھی مکمل کر لیں۔شاہین آفریدی نے 3 اعشاریہ 4 اوورز میں صرف 4 رنز دیکر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جو پاکستان سپر لیگ کے رواں سیزن کی دوسری بہترین بولنگ ہے تاہم اگر کم زنر کے اعتبار سے دیکھا جائے تو اسے پی ایس ایل کی اب تک کی بہترین بولنگ قرار دیا جا سکتا ہے۔

  • پی ایس ایل فکسنگ سکینڈل،شاہ زیب کی قسمت کا فیصلہ کل

    پی ایس ایل فکسنگ سکینڈل،شاہ زیب کی قسمت کا فیصلہ کل

    لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ) پی ایس ایل فکسنگ سکینڈل میں شاہ زیب حسن کیس کا فیصلہ کل 28 فروری کو سنایا جائے گا، کرکٹر پر فکسنگ کیلئے اکسانے اور بکی کے رابطے کی اطلاع پی سی بی کو نہ دینے کا الزام عائد تھا۔

    پی ایس ایل 2017 کے فکسنگ سکینڈل کا ایک اور کردار انجام کے قریب پہنچ گیا ہے۔ بیٹسمین شاہ زیب حسن کے کیس کا فیصلہ 28 فروری کو سنایا جائے گا۔ شاہ زیب حسن پر ساتھی کرکٹرز کو فکسنگ کیلئے اکسانے اور بورڈ کو بکی کے رابطے کی اطلاع نہ دینے کا الزام عائد ہے۔

    اس سے پہلے شرجیل خان، خالد لطیف، محمد نواز اور محمد عرفان کو بھی فکسنگ کیس میں سزا ہو چکی ہے۔ محمد عرفان اور محمد نواز اپنی سزا کی مدت پوری کرنے کے بعد کھیل کے میدان میں واپس آ چکے ہیں۔

  • اسپاٹ فکسنگ کیس میں مجھ سے غلطی ہوئی،محمد عرفان

    اسپاٹ فکسنگ کیس میں مجھ سے غلطی ہوئی،محمد عرفان

    دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر محمد عرفان کا کہنا ہے کہ میری کوشش  ہے کہ اپنی پرفارمنس اور فٹنس سے پاکستان ٹیم میں جگہ بناؤں۔

    ملتان سلطانز کی ٹورنامنٹ میں پہلی جیت کے بعد پریس کانفرنس میں عرفان نے اعتراف کیا کہ اسپاٹ فکسنگ کیس میں ان سے غلطی ہوئی تھی لیکن میں نے بروقت اپنی غلطی مان لی اور مجھے میرے کئے کی سزا مل گئی۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں واپسی کے لئے بھرپور محنت کررہا ہوں اور پی ایس ایل میں اچھی کارکردگی دکھاکر سلیکٹرز کی توجہ حاصل کرنا چاہتا ہوں۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ نے اسپاٹ فکسنگ کیس میں محمد عرفان کو ایک سال کے لیے معطل کر دیا تھا اور اس کے علاوہ ان پر 10 لاکھ روپے کا جرمانہ بھی کیا گیا تھا۔

    محمد عرفان کو یہ سزا بکیز کی جانب سے رابطہ کیے جانے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن سیل کو آگاہ نہ کرنے پر دی گئی تھی جب کہ محمد عرفان کا سینٹرل کنٹریکٹ بھی 6 ماہ کے لیے معطل کر دیا گیا تھا۔

    محمد عرفان نے پاکستان کی جانب سے 4 ٹیسٹ میچ، 60 ون ڈے انٹرنیشنل اور 20 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے ہیں۔

    محمد عرفان کا کہنا تھا کہ وہ اس بات کا اعتراف کرتے ہیں کہ ان رابطوں کے بعد انھوں نے پی سی بی کو آگاہ نہیں کیا جو کہ ان کی غلطی تھی اور ان کے اس فعل سے اگر کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو وہ ان سے معافی مانگتے ہیں، انھیں امید ہے کہ پاکستانی قوم انھیں معاف کر دے گی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال فروری میں کھیلے جانے والی پاکستان سپر لیگ کے سیزن 2 کے آغاز پر پاکستانی کھلاڑیوں شرجیل خان، خالد لطیف، ناصر جمشید، شاہ زیب حسن خان اور محمد عرفان پر اسپاٹ فکسنگ کا الزام لگایا گیا تھا۔

  • پاکستان سپر لیگ تھری،،،میچ فکسنگ سائے،،کرپشن کو روکنے کیلئے تیاریاں

    پاکستان سپر لیگ تھری،،،میچ فکسنگ سائے،،کرپشن کو روکنے کیلئے تیاریاں

    اسلام آباد( سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن سے منظر عام پر آنے والے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کو ایک سال بیت گیا لیکن کرکٹ پر لگنے والے داغ کی تحقیقات اب تک مکمل نہ ہو سکی۔

    اب پاکستان کرکٹ بورڈ پی ایس ایل تھری کو ہر طرح کے کرپشن سے محفوظ رکھنے کےلیے بھرپور اقدامات کررہا ہے۔

    پاکستان سپر لیگ ٹو کے آغاز میں ہی ایک بھونچال آیا، جب اسپاٹ فکسنگ میں ملوث خالد لطیف اور شرجیل خان کو گھر بھیج دیا گیا، تحقیقات ہوئی، لمبا کیس چلا، دونوں کھلاڑیوں کو سزائیں بھی ہوئیں لیکن کیس ختم نہیں ہوا۔

    ناصر جمشید ایک سال کی سزا کاٹ چکے اب انہیں نئی چارج شیٹ کا سامنا ہے، محمد عرفان نے 6 ماہ کی پابندی کی سزا بھگتی جبکہ شاہ زیب حسن کیس کا فیصلہ محفوظ ہے، انہیں بھی ایک سال سے زائد سزا ہو سکتی ہے۔

    شاید پی ایس ایل کے آغاز میں پی سی بی سے کوتاہیاں ہوئیں، کھلاڑیوں پر نظر نہ رکھی اور فرنچائزز کے ساتھ نرمیاں برتیں اور اس کا خمیازہ اسپاٹ فکسنگ کیس کی صورت میں بھگتنا پڑا۔

    لیکن اب پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کو کرپشن سے پاک رکھنے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں، ٹیموں کا ہوٹل بدل دیا گیا ہے، ہر ٹیم اور اس کی مینجمنٹ کے لیے ایک فلور مخصوص ہوگا جبکہ فرنچائزز کے مالکان کا دوسرے ہوٹلز میں قیام ہو گا۔

    ساتھ ہی انٹیگریٹی آفیسرز 24 گھنٹے کھلاڑیوں کی کڑی نگرانی کریں گے جبکہ کھلاڑیوں تک عوام کی رسائی کم سے کم رکھی جائے گی۔

    فلورز کی خفیہ بھی مانیٹرنگ بھی کی جا ئے گی جبکہ معمول کے اینٹی کرپشن لیکچرز جاری رہیں گے اور کھلاڑیوں کو بکیز کی تصاویر بھی دکھائی جائیں گی۔

  • پی ایس ایل تھری،ملتان سلطانز میں کون کون شامل،کب کس سے ٹکرائو ہوگا

    پی ایس ایل تھری،ملتان سلطانز میں کون کون شامل،کب کس سے ٹکرائو ہوگا

    لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ کے شاندار ایونٹ پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن سے اس کی ٹیموں میں بھی ایک نئی ٹیم کی اینٹری ہورہی ہے ۔ یہ ہے ’ملتان سلطان‘ ۔

    اس ٹیم میں نوجوان ٹیلنٹ کے ساتھ تجربہ کار کھلاڑیوں کی شمولیت نے اسے ٹورنامنٹ کی دیگر ٹیموں کے ہم پلہ کردیاہے۔

    ٹیم کی قیادت قومی ٹیم کے صف اول آل راؤنڈرشعیب ملک کر رہے ہیں جبکہ ٹیم کے باقی کھلاڑیوں میں سابق سری لنکن وکٹ کیپر کمارا سنگاکارا کے علاوہ ویسٹ انڈیز کے کیون پولارڈ، ڈیرن براوو، نکولس پورن، ساؤتھ افریقہ کے عمران طاہر، ہارڈس ولجیون اور انگلینڈ کے روس وٹلی شامل ہیں۔

    ٹیم میں قومی کرکٹرز سہیل تنویر، جنید خان، محمد عرفان ، احمد شہزاد، کاشف بھٹی، عرفان خان، صہیب مقصود، محمد عباس، عمر گل، عمر صدیق، عبداللہ شفیق اور سیف بدر کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

    آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ کرکٹر و کوچ ٹام موڈی’ ملتان سلطان‘ کی کوچنگ کریں گے جبکہ سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم ٹیم کے مینٹور ہیں۔

    ٹورنامنٹ میں ملتان سلطان کے ہونے والے معرکوں کا شیڈول
    ملتان اس ایونٹ کے افتتاحی میچ میں ہی ایکشن میں نظر آئے گی جہاں اس کا مقابلہ ڈیرن سیمی کی دفاعی چیمپئن ٹیم پشاور زلمی سے 22 فروری کو دبئی میں ہوگا۔

    اگلے ہی روز 23 فروری کو دبئی کے ہی میدان میں پرجوش کپتان شعیب ملک اپنے سلطانوں کے ہمراہ ڈے نائٹ میچ میں لاہور قلندرز کے سامنے ہوں گے ۔

    ایک دن آرام کے بعد25 فروری کو نئے جوش اور نئی منصوبہ بندی کے ساتھ شعیب ملک اعصاب شکن مقابلے کے لیے ٹھنڈے دماغ کے حامل تجربہ کار کپتان مصباح الحق کی اسلام آباد یونائیٹڈ سے آمنا سامنا کریں گے۔

    چار دن کے آرام اور نئے پلان کے ساتھ ملتان سلطان 2 مارچ کو اپنے کپتان کی سابقہ ٹیم کراچی کنگز کے خلاف ایکشن میں نظر آئے گی۔ اس میچ میں شعیب ملک کے تجربہ کے علاوہ وہ باتیں بھی اہمیت رکھتی ہیں جو ملک نے گزشتہ سیزن میں کراچی کنگز کے ڈریسنگ روم میں بیٹھ کر مشاہدہ کی تھیں۔

    تین مارچ کو ملتان سلطان اپنے سلامی بلے باز احمد شہزاد کی سابقہ ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے مقابلہ کرے گی۔میچ میں حریف کپتان سرفراز کے لیے شہزاد کے بلے سے ابلتے رنز کو روکنا کسی چیلنج سے کم نہیں ہوگا۔

    ملتان 6 مارچ کو زلمی سے مقابلہ کرے گی ، یہ ایونٹ میں دونوں ٹیمز کا دوسرا ٹکراؤ ہوگا۔

    تین مارچ کے میچ کا جو بھی نتیجہ نکلے اس سےقطع نظر ہوکر پلٹ کے جھپٹنے کے لیے دونوں ٹیمیں محض 3 دن بعد ایک مرتبہ پھر سے 7 مارچ کو مدمقابل ہوں گی۔

    نو مارچ کو ملتان سلطان برینڈن میکولم ، فخر زمان کی جارح مزاج اوپنگ جوڑی ٹیم لاہور قلندر سے مقابلہ کرے گی۔ میچ میں سلطانز کے عمر گل اور محمد عرفان کی تجربہ کار بولنگ کا کڑا امتحان ہوگا۔

    ایونٹ میں ملتان سلطان اپنا نواں میچ 10 مارچ کو کراچی کے کنگز سے کھیلے گی۔ ٹورنامنٹ میں دونوں ٹیمیں دوسری مرتبہ مدمقابل ہوں گی۔

    اس کے بعد ملتان 13 مارچ کو اپنا آخری راؤنڈ میچ پہلے سیزن کی فاتح ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ سے کھیلے گی جس کے بعد 18 مارچ سے پلے آف مرحلے کا آغاز ہوجائے گا۔

    ٹورنامنٹ کا فائنل کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں 25 مارچ کو کھیلا جائے گا۔

error: Content is protected !!