
انگلینڈ اور بھارت کی سیریز میں ٹیسٹ کرکٹ کا نیا ریکارڈ بن گیا
انگلینڈ اور بھارت کے درمیان جاری پانچ میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا نیا ریکارڈ قائم ہو گیا ہے، جہاں پہلی بار کسی پانچ میچز کی سیریز میں 50 سے زائد ففٹی پلس اسکور بنائے گئے ہیں۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ 1920-21 کی ایشیز سیریز کے پاس تھا، جس میں پانچ میچز کے دوران مجموعی طور پر 49 ففٹی پلس اسکور بنے تھے۔ تاہم، 1993 کی ایشیز سیریز کے چھ میچز میں بھی 50 ففٹی پلس اسکور کا ریکارڈ موجود تھا۔
اینڈرسن-ٹنڈولکر ٹرافی کے تحت جاری اس سیریز میں اب تک 19 سنچریاں اور 31 نصف سنچریاں بن چکی ہیں۔ بھارت کی جانب سے سب سے زیادہ 28 جبکہ انگلینڈ نے 22 ففٹی پلس اسکورز کیے۔
اس کے ساتھ ساتھ پانچ میچوں کی اس سیریز میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ رنز بنانے کا بھی نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ 1928-29 کی ایشیز سیریز کے پاس تھا، جہاں انگلینڈ اور آسٹریلیا کے بیٹرز نے پانچ میچز میں مجموعی طور پر 6,606 رنز بنائے تھے۔



