بیئر فٹ ایئر بیڈمنٹن: پاکستان سے فلسطین تک صائمہ بتول اور انٹرنیشنل کوچ رضی الدین کا پیغامِ یکجہتی
تحریر: کھیل دوست۔شاہد الحق


بیئر فٹ ایئر بیڈمنٹن: پاکستان سے فلسطین تک صائمہ بتول اور انٹرنیشنل کوچ رضی الدین کا پیغامِ یکجہتی۔
تحریر: کھیل دوست۔شاہد الحق
کھیل: معاشرتی ترقی کا سب سے طاقتور ہتھیار
اسلام آباد کے دامن میں واقع ایف-10 کے سبز و شاداب علاقے میں بیڈمنٹن کی سابقہ کھلاڑی، کوچ اور تعلیم یافتہ عظیم کھلاڑی صائمہ بتول نے چند سال قبل پاکستان میں پہلی بار بیئر فٹ ائیر بیڈمنٹن کا آغاز کیا۔
یہ وہ وقت تھا جب ملک میں بیڈ منٹن کھیل بدترین سیاسی مداخلت اور بے حسی کا شکار تھی، لیکن صائمہ بتول کی سوچ نے ایک نئی امید جگائی۔
اقوام متحدہ کے مطابق کھیل معاشرے میں مثبت تبدیلی اور ہم آہنگی پیدا کرنے کا سب سے طاقتور ہتھیار ہے۔ اسی سوچ کے تحت بیئر فٹ ائیر بیڈمنٹن اکیڈمی نے نہ صرف کھیل کو فروغ دینے کا بیڑا اٹھایا بلکہ آنے والی نسلوں کو احساسِ ذمہ داری، حب الوطنی اور معاشرتی بنیادی تعلیم کا شعور دینے کا عزم کیا۔
حال ہی میں بیئر فٹ بیڈمنٹن اکیڈمی نے فلسطین، بالخصوص غزہ کے بچوں کے ساتھ یکجہتی کے لیے ایک شاندار ایونٹ منعقد کیا، جس میں فلسطین کے سفیر اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر صائمہ بتول نے دنیا بھر میں مظالم کے خلاف بھرپور آواز بلند کی اور اقوام متحدہ سمیت تمام ذمہ داران سے اسرائیل کے ظلم کو روکنے کے لیے عملی اقدامات اور دباؤ بڑھانے کی اپیل کی۔
اس تقریب میں انٹرنیشنل بیڈمنٹن کوچ رضی الدین نے بھی شرکت کی۔ رضی الدین صاحب کی اپنی اکیڈمی بھی بیڈمنٹن کے ذریعے بچوں میں سماجی شعور اجاگر کرنے کے مقصد کے تحت کام کر رہی ہے۔
انہوں نے صائمہ بتول اور بیئر فٹ بیڈمنٹن اکیڈمی کے اس انسان دوست اقدام کو سراہا اور دونوں اکیڈمیوں کے مشترکہ مقاصد کے لیے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کھیل کی طاقت کو مثبت سمت میں استعمال کیا جائے تو یہ معاشرے میں امن، ہم آہنگی اور ترقی کے لیے انقلابی کردار ادا کر سکتا ہے۔
تقریب کے اختتام پر جب جیتنے والے کھلاڑیوں نے اپنے میڈل فلسطینی بچوں کو پیش کیے، تو یہ منظر اتنا جذباتی تھا کہ ہر آنکھ نم ہوگئی۔ فلسطینی سفیر نے پاکستانی عوام، خاص طور پر صائمہ بتول اور بیئر فٹ بیڈمنٹن اکیڈمی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے اس جذبے کو ہمیشہ یاد رکھیں گے اور فلسطین کی مکمل آزادی تک پاکستانی عوام کو اپنا بھائی تصور کرتے رہیں گے۔
یہ ایونٹ اس بات کا ثبوت ہے کہ کھیل صرف میچ جیتنے یا ٹرافی اٹھانے کا نام نہیں، بلکہ یہ انسانی ہمدردی، سماجی شعور اور امن کا پیغام پہنچانے کا ایک طاقتور ذریعہ ہے۔ بیئر فٹ بیڈمنٹن اکیڈمی اور صائمہ بتول کے ساتھ ساتھ انٹرنیشنل کوچ رضی الدین اور ان کی اکیڈمی معاشرے کے لیے ایک روشن مثال ہیں۔
اس یومِ آزادی پر میری تمام پاکستانی ٹاپ اسپورٹس اسٹارز سے اپیل ہے کہ وہ صائمہ بتول اور رضی الدین کی طرح آگے بڑھیں، کھیل کو معاشرتی ترقی کا ذریعہ بنائیں، اور اپنی شہرت اور اثر و رسوخ کو ایسے مثبت کاموں کے لیے استعمال کریں۔ اگر ہمارے قومی ہیروز سماجی بھلائی میں عملی کردار ادا کریں تو ہم نہ صرف کھیل کے میدان میں بلکہ انسانی خدمت میں بھی دنیا کے لیے ایک مثال بن سکتے ہیں۔
مصنف شاہد الحق ایک سینئر اسپورٹس جرنلسٹ، رائٹر، اور کئی قومی ٹیموں کے فٹنس کوچ رہ چکے ہیں۔ یو ٹیوب چینل سپو فٹ اور سپورٹس اینڈ فٹنس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے بانی چیئرمین ھیں آپ نے بین الاقوامی سطح پر کھیلوں اور فٹنس کے فروغ کے لیے نمایاں کردار ادا کیا ہے اور پاکستان میں اسپورٹس ڈیولپمنٹ، ایونٹ مینجمنٹ اور نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت میں منفرد مقام رکھتے ہیں۔ شاہد الحق کا وژن ہے کہ کھیل کو معاشرتی بہتری اور امن کا ذریعہ بنایا جائے۔
رابطہ نمبر: 03335161425 ; ای میل: spofit@gmail.com ; SPOFIT یوٹیوب چینل: www.youtube.com/@spofit



