
"گرین شرٹس” نے ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ میں شرکت کی دعوت قبول کر لی۔
ملتان ( سپورٹس لنک) انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (FIH) نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کی مردوں کی ہاکی ٹیم، جو "گرین شرٹس” کے نام سے مشہور ہے، نے آئندہ 2025-26 کے سیزن کی FIH ہاکی پرو لیگ میں شرکت کی دعوت قبول کر لی ہے۔
پاکستان نے یہ اعزاز رواں سال کے اوائل میں ملیشیا میں منعقد ہونے والے FIH ہاکی نیشنز کپ کے ذریعے حاصل کیا۔ اگرچہ نیوزی لینڈ نے اس ٹورنامنٹ کے فائنل میں پاکستان کو شکست دے کر ٹائٹل جیتا تھا،
تاہم ہاکی نیوزی لینڈ نے اعلان کیا کہ اس بار "بلیک اسٹکس” پرو لیگ میں شرکت نہیں کریں گے۔ اس لیے ضوابط کے مطابق، FIH نے رنر اپ پاکستان کو دعوت دی، جس نے اپنی شرکت کی تصدیق کر دی۔
FIH کے صدر طیب اکرام نے کہا: "پاکستان کو ایلیٹ مقابلے میں واپس دیکھنا شاندار ہے – یہ عالمی ہاکی کے لیے واقعی ایک تاریخی سنگِ میل ہے۔ پاکستان کی واپسی نہ صرف ایک ایسی ٹیم کی کم بیک ہے جس کی تاریخ شان دار اور روایات سے بھرپور ہیں بلکہ یہ پرو لیگ کی مقبولیت اور رسائی میں بھی اضافہ کرے گی۔
میں پہلے ہی پرو لیگ کے بڑھتے ہوئے اثرات کو پاکستان کی شمولیت کے ساتھ محسوس کر رہا ہوں۔ پاکستان کی ٹیم کو نیشنز کپ کے ذریعے کوالیفائی کرنے اور پہلی مرتبہ ‘لیگ آف دی بیسٹ’ میں جگہ بنانے پر مبارکباد۔
یہ کامیابی اس بات کی بہترین مثال ہے کہ ہم اگر ہر سطح پر مزید مواقع فراہم کریں تو یہ کھیل کے فروغ اور دنیا کے بہترین ایونٹس تک رسائی کا قدرتی راستہ فراہم کرتا ہے۔”
پاکستان اب پرو لیگ کے ساتویں ایڈیشن میں ارجنٹینا، آسٹریلیا، بیلجیئم، انگلینڈ، جرمنی، بھارت، نیدرلینڈز اور اسپین کے ساتھ شریک ہوگا۔ وہ آئرلینڈ کی جگہ لے گا، جو پچھلے سیزن میں نویں پوزیشن پر رہنے کے بعد ریlegate ہو گیا تھا۔



