
پنجاب پولیس نے غنی رائل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ اپنے نام کر لیا
پنجاب پولیس کی کرکٹ ٹیم نے غنی رائل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ اپنے نام کر لیا، فائنل مقابلے میں پنجاب پولیس نے وائٹل ٹی کرکٹ ٹیم کو زبردست مقابلے کے بعد شکست دی۔
انٹرنیشنل کرکٹر آصف علی نے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے صرف 36 گیندوں پر 99 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ٹیم کی کامیابی میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ ٹورنامنٹ میں پنجاب پولیس سمیت ملک بھر سے 8 ٹیموں نے حصہ لیا
جبکہ تمام ٹیموں میں انٹرنیشنل کرکٹرز نے نمائندگی کی۔ پنجاب پولیس نے پہلی مرتبہ اس ٹورنامنٹ میں شرکت کی اور ناقابل شکست رہتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کیا۔
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب پولیس کرکٹ ٹیم کے پیٹرن انچیف ایڈیشنل آئی جی آئی اے بی عمران ارشد، کھلاڑیوں اور انتظامیہ کو شاندار فتح پر مبارکباد دی۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس کے کھلاڑی کرکٹ سمیت تمام کھیلوں میں غیر معمولی کارکردگی دکھا رہے ہیں۔
پولیس کی سپورٹس ٹیمیں قومی و بین الاقوامی سطح پر مسلسل کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔ پولیس کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور سرپرستی کیلئے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔



