اتھلیٹکس

ارشد ندیم کے کوچ سلمان اقبال بٹ پر تاحیات پابندی عائد

ایتھلیٹکس فیڈریشن نے سید حبیب شاہ پر بھی 10 سال کی پابندی عائد کردی

اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس،

سلمان بٹ پر تاحیات اور حبیب شاہ پر دس سال کی پابندی عائد کر دی گئی،

اسلام آباد (نوازگوھر) اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں سلمان بٹ پر تاحیات اور حبیب شاہ پر دس سال کی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس 10 اکتوبر 2025 کو منعقد ہوا جس کی صدارت اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے صدر بریگیڈیئر (ر) وجاہت حسین نے کی۔

جس میں اہم فیصلے کئے گئے جن کا مقصد فیڈریشن کے آئین پر مکمل عملدرآمد، شفافیت، اور تنظیمی نظم و ضبط کو یقینی بنانا ہے۔اجلاس میں سابق عہدیدار سلمان بٹ پر تاحیات پابندی عائد کی گئی ہے۔

یہ پابندی انہیں کسی بھی حیثیت میں — بطور کھلاڑی، کوچ، آفیشل یا عہدیدار — قومی یا بین الاقوامی سطح پر اتھلیٹکس کی کسی سرگرمی میں شرکت سے مکمل طور پر روک دیتی ہے۔

اسی طرح، حبیب شاہ، سابق سیکرٹری پنجاب اتھلیٹکس ایسوسی ایشن، پر 10 سال کی پابندی لگائی گئی ہے کہ وہ کسی بھی اتھلیٹکس سرگرمی میں شریک نہیں ہو سکیں گے۔

ایگزیکٹو کمیٹی نے پنجاب اتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے 31 اگست 2025 کو منعقدہ انتخابات کو غیر قانونی، غیر آئینی اور کالعدم قرار دیا ہے۔ یہ انتخابات اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے آئین کی کھلی خلاف ورزی میں منعقد کئے گئے،

جن میں محض دو دن قبل 29 اگست کو اعلان کر کے 31 اگست کو انتخابات کروائے گئے۔ فیڈریشن کے آئین کے مطابق کم از کم 21 روز قبل انتخابی اجلاس کا نوٹس جاری کرنا لازمی ہے، اور انتخابات سے 7 روز قبل امیدواروں کے نام جمع کرانے کی آخری تاریخ مقرر کی جاتی ہے۔

اس کے برعکس، ان انتخابات میں فیڈریشن کے واضح قواعد کو نظر انداز کیا گیا، یہاں تک کہ پنجاب اتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر کو بھی 30 اگست تک ان انتخابات کے انعقاد کا علم نہ ہو سکا۔

سلمان بٹ، جو خود اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے آئین پر دستخط کنندہ ہیں، نے آئینی دفعات کی صریح خلاف ورزی کی، جسے ایگزیکٹو کمیٹی نے نہایت سنگین بدانتظامی اور غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل قرار دیا۔

فیڈریشن نے ان غیر آئینی انتخابات کو کالعدم قرار دیتے ہوئے محترمہ شاہدہ خانم سینیر وائس پریذیڈنٹ، اے ایف پی کی سربراہی میں ایک انتظامی کمیٹی تشکیل دی ہے جو آئین کے مطابق منصفانہ اور شفاف انتخابات منعقد کرائے گی اور اس دوران پنجاب ایسوسی ایشن کے روزمرہ امور چلائے گی۔

صدر اور ایگزیکٹو کمیٹی نے واضح کیا ہے کہ فیڈریشن کے تمام امور سختی سے آئین کے مطابق چلائے جائیں گے، کسی بھی قسم کی خلاف ورزی یا خود ساختہ اقدامات کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اتحاد، دیانت داری، نظم و ضبط اور آئینی عملداری کو برقرار رکھتے ہوئے ملک میں اتھلیٹکس کے فروغ اور کھلاڑیوں کی فلاح کے لیے تمام ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!