
بابراعظم ٹی 20 میں روہت شرما کا ورلڈ ریکارڈ توڑنے کے قریب
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کرنے کے دہانے پر پہنچ گئے ہیں۔
جنوبی افریقا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ان کے پاس کرکٹ کی تاریخ میں ایک بڑا ورلڈ ریکارڈ بنانے کا سنہری موقع موجود ہے، جس کے مطابق بابر اعظم صرف 9 رنز بنا کر روہت شرما کا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر سکتے ہیں۔
روہت شرما اس وقت 151 اننگز میں 4231 رنز کے ساتھ فہرست میں سرفہرست ہیں، جب کہ بابر اعظم نے صرف 121 اننگز میں 39.83 کی اوسط سے 4223 رنز بنائے ہیں۔
اگر بابر اعظم آئندہ میچ میں یہ 9 رنز مکمل کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو وہ نہ صرف روہت شرما کو پیچھے چھوڑ دیں گے بلکہ دنیا کے وہ واحد پاکستانی بیٹر بن جائیں گے جو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہوں گے۔
کرکٹ مبصرین کے مطابق بابر اعظم کی کارکردگی تسلسل اور فنی مہارت کا مظہر ہے۔ ان کی اوسط دیگر بڑے بیٹسمینوں کے مقابلے میں نمایاں طور پر بہتر ہے، جو ان کے معیار اور مستقل مزاجی کو ظاہر کرتی ہے۔
بھارت کے ویرات کوہلی 117 اننگز میں 4188 رنز کے ساتھ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دنیا بھر میں اب تک صرف یہی 3 بلے باز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں 4000 رنز کا ہندسہ عبور کر پائے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر بابر اعظم اپنی فارم برقرار رکھتے ہیں تو نہ صرف یہ ریکارڈ بلکہ آئندہ سالوں میں مزید کئی عالمی اعزازات ان کے نام ہو سکتے ہیں۔ وہ پہلے ہی دنیا بھر میں پاکستان کرکٹ کی پہچان بن چکے ہیں اور ان کی بیٹنگ تکنیک کو کرکٹ کے بڑے ناموں نے بھی سراہا ہے۔
بابر اعظم کے مداحوں کی نظریں فی الحال جنوبی افریقا کے خلاف آئندہ میچ پر جمی ہوئی ہیں، جہاں وہ محض چند گیندوں میں پاکستانی کرکٹ کی تاریخ کا ایک اور روشن باب لکھ سکتے ہیں۔



