
بگ بیش لیگ: شاہین آفریدی کی ناقص کارکردگی، امپائر نے بولنگ سے روک دیا
آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کا ڈیبیو میچ مایوس کن ثابت ہوا، جس کے باعث انہیں بولنگ سے روکنا پڑا۔
برسبین ہیٹ اور میلبورن رینیگیڈز کے درمیان کھیلے گئے اس میچ میں شاہین آفریدی نے 2.4 اوورز میں 43 رنز دیے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کی، جبکہ ان کے اوورز میں تین نو بالز اور دو وائیڈز شامل تھیں۔
ابتدائی اوورز میں شاہین نے تین ڈاٹ بالز سے شاندار آغاز کیا، لیکن بعد ازاں لائن اور لینتھ برقرار رکھنے میں ناکام رہے۔
رینیگیڈز کی اننگز کے 18ویں اوور میں انہوں نے ٹم سیفرٹ اور اولی پیک کو کمر کی اونچائی سے فل ٹاس گیندیں کروائیں، جس پر امپائرز نے انہیں خطرناک بولنگ کے باعث مزید بولنگ کرنے سے روک دیا۔
بولنگ سے ہٹائے جانے کے بعد شاہین کے چہرے پر ہلکی مسکراہٹ دیکھی گئی، جبکہ برسبین ہیٹ کے کپتان نیتھن میک سویینی نے اوور کی آخری دو گیندیں خود کروائیں۔
میلبورن رینیگیڈز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 212 رنز کا شاندار اسکور بنایا، جس میں ٹم سیفرٹ نے 56 گیندوں پر 102 رنز کی سنچری بنائی، جبکہ اولی پیک نے 29 گیندوں پر 57 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان، جو بی بی ایل میں ڈیبیو کر رہے تھے، نمبر تین پر بیٹنگ کرتے ہوئے 10 گیندوں پر 4 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے۔
شاہین شاہ آفریدی کی یہ شروعات ان کے لیے مایوسی کا باعث تو بنی، لیکن شائقین کرکٹ اب ان سے اگلے میچ میں مضبوط اور فیصلہ کن کارکردگی کی توقع رکھتے ہیں تاکہ وہ اپنی بولنگ کی مہارت کا بھرپور اظہار کر سکیں۔



